جنگ ختم کرنے کیلئے ممکنہ معاہدہ تیل کی قیمتوں میں کمی اور عالمی سٹاک مارکیٹس میں تیزی : ایران نے معاہدہ قبول نہ کیا تو تباہ کن بمباری کرینگے : ٹرمپ

جنگ ختم کرنے کیلئے ممکنہ معاہدہ تیل کی قیمتوں میں کمی اور عالمی سٹاک مارکیٹس میں تیزی : ایران نے معاہدہ قبول نہ کیا تو تباہ کن بمباری کرینگے : ٹرمپ

جلد اپنا جواب پاکستان کے ذریعے دینگے : ایران ، 14نکات پر مشتمل ایک صفحے کی مفاہمتی یادداشت تیار ،آبنائے ہرمز کھلے گی ، امریکی پابندیاں ختم ،ایرانی ایٹمی پروگرام پر بعد میں مذاکرات معاہدے کے قریب پہنچ چکے :پاکستانی ذرائع ، معاہدے میں ایران کے موجودہ یورینیم ذخیرے کا کوئی ذکر نہیں ،امریکی اس جنگ میں کچھ حاصل نہیں کر سکیں گے ، وہ ہار رہے ہیں:ایرانی حکام

اسلام آباد ،واشنگٹن (رائٹرز) ایران نے بدھ کے روز کہا ہے کہ وہ امریکا کی جانب سے دی گئی ایک نئی تجویز کا جائزہ لے رہا ہے ، جبکہ ذرائع کے مطابق واشنگٹن اور تہران خلیج میں جنگ کے خاتمے کے لیے ایک صفحے پر مشتمل مفاہمتی یادداشت کے قریب پہنچ رہے ہیں، جس میں ایران کے جوہری پروگرام جیسے پیچیدہ معاملات کو بعد کے لیے چھوڑ دیا جائے گا۔ایران کی وزارتِ خارجہ کے ایک ترجمان نے کہا کہ تہران جلد ہی اپنا جواب پاکستان کے ذریعے پہنچائے گا، جس نے اس جنگ کے واحد امن مذاکرات کی میزبانی کی تھی اور اس کے بعد سے دونوں فریقوں کے درمیان پیغامات کی ترسیل کا اہم ذریعہ رہا ہے ۔امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران مذاکرات کرنا چاہتا ہے ۔سوشل میڈیا نیٹ ورک ٹروتھ سوشل پر اپنی پوسٹ میں امریکی صدر نے لکھا فرض کریں کہ اگر ایران معاہدے پرعمل کرنے پر رضامند ہو گیا توامریکی آپریشن کا خاتمہ ہو جائے گا اور آبنائے ہرمز ایران سمیت سب کے لیے کھل جائے گی۔ساتھ ہی انہوں نے ایران کو دھمکاتے ہوئے لکھا کہ تاہم اگر وہ راضی نہ ہوا تو بمباری شروع ہو جائے گی، اور افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ اس کی سطح اور شدت پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہو گی۔

دوسری جانب صدر ٹرمپ نے آبنائے ہرمز میں پھنسے تجارتی جہازوں کو نکالنے کے لیے شروع کی گئی کارروائی پراجیکٹ فریڈم معطل کر دی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ ایران کے ساتھ کسی معاہدے کی جانب ہونے والی بڑی پیشرفت اور پاکستان و دیگر ممالک کی درخواست کے بعد کیا گیا ہے ۔ وائٹ ہاؤس میں ایک تقریب سے روانگی کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ امریکا ایران سے افزودہ یورینیم حاصل کرے گا۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ امریکا یہ کام کیسے کرے گا ؟تو صدر نے دوبارہ یہی جواب دیا کہ ہم اسے حاصل کریں گے ۔انہوں نے کہا ایران اب امریکی دباؤ کے بعد مذاکرات اور نئی ڈیل کے لیے بے تاب ہے ، تاہم واشنگٹن کسی بھی قیمت پر تہران کو ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔ انہوں نے کہا وینزویلا میں ہم نے محض ایک دن کے اندر اپنا کام مکمل کر لیا تھا اور اب ایران میں بھی ہمارا کام انتہائی آسانی سے جاری ہے ۔

ایران اس وقت شدید دباؤ میں ہے اور وہ ہم سے مذاکرات اور ڈیل کرنا چاہتا ہے ۔ ہم باریک بینی سے جائزہ لیں گے کہ آیا ایران کی طرف سے دی جانے والی تجاویز ہمیں مطمئن کرتی ہیں یا نہیں، اور کیا وہ حتمی ڈیل پر راضی ہوتا ہے ۔ ٹرمپ نے کہا ہمارے پاس دنیا کی مضبوط ترین فوج موجود ہے جسے ہم نے اپنی صدارت کی پہلی مدت میں مزید مضبوط اور جدید بنایا ہے ، ہم نے ایران کے خلاف فوجی طاقت کا استعمال صرف اس لیے کیا تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ وہ کبھی ایٹمی ہتھیار نہ رکھ سکے ۔ انہوں نے کہا امریکا کی طرف سے کی جانے والی ناکہ بندی ایک سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح مضبوط ہے ، جسے دنیا کی کوئی طاقت نہیں توڑ سکتی۔انہوں نے نائب صدر جے ڈی وینس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ میری پوری ٹیم موجودہ عالمی صورتحال سے بہترین انداز میں نمٹ رہی ہے ۔ محض دو سال پہلے دنیا امریکا کی پالیسیوں پر ہنستی تھی، لیکن آج امریکا کی طاقت اور فیصلے کا لوہا مانا جاتا ہے اور دنیا ہماری عزت کرتی ہے ۔

اوول آفس میں گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے صحافیوں کو بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران امریکا کی ایران کے ساتھ بات چیت بہت اچھی رہی ہے ، بہت ممکن ہے کہ ہم کوئی معاہدہ کر لیں۔ایک پاکستانی ذریعے اور ثالثی کے عمل سے آگاہ ایک اورفردنے امریکی میڈیا ادارے ایکسیوس کی اس خبر کی تصدیق کی، جس میں 14 نکات پر مشتمل ایک صفحے کی مجوزہ مفاہمتی یادداشت کا ذکر کیا گیا تھا، جو باضابطہ طور پر جنگ کے خاتمے کا باعث بنے گی۔ذرائع کے مطابق اس یادداشت کے بعد آبنائے ہرمز کے ذریعے جہاز رانی کی بحالی، ایران پر عائد امریکی پابندیوں کے خاتمے اور ایران کے جوہری پروگرام پر پابندیاں طے کرنے کے لیے مذاکرات کیے جائیں گے ۔پاکستان سے تعلق رکھنے والے ذریعے نے کہا کہ ہم اس معاملے کو بہت جلد مکمل کر لیں گے ، ہم معاہدے کے قریب پہنچ چکے ہیں۔ممکنہ معاہدے کی خبروں کے باعث عالمی تیل کی قیمتیں دو ہفتوں کی کم ترین سطح تک گر گئیں، جہاں برینٹ خام تیل کی قیمتیں تقریباً 11 فیصد کم ہو کر تقریباً 98 ڈالر فی بیرل تک آ گئیں ۔

عالمی سٹاک مارکیٹوں میں بھی تیزی دیکھی گئی ۔امریکی سنٹرل کمانڈ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک بیان میں کہا کہ امریکی فوجی دستوں نے بدھ کے روز ایرانی پرچم بردار ایک خالی آئل ٹینکر پر کئی گولیاں چلائیں، جس سے جہاز ناکارہ ہو گیا جب وہ ناکہ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک ایرانی بندرگاہ کی طرف جانے کی کوشش کر رہا تھا۔ثالثی کے عمل سے آگاہ ذریعے نے بتایا کہ امریکا کی جانب سے مذاکرات کی قیادت صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایلچی سٹیو وٹکوف اور ان کے داماد جیرڈ کشنر کر رہے ہیں۔ اگر دونوں فریق ابتدائی معاہدے پر متفق ہو جاتے ہیں تو اس کے بعد 30 دن کی تفصیلی مذاکراتی مدت شروع ہو گی تاکہ مکمل معاہدہ طے کیا جا سکے ۔

ذرائع کے مطابق مکمل معاہدے میں امریکا کی جانب سے ایران پر عائد پابندیاں ہٹانا اور منجمد ایرانی رقوم جاری کرنا شامل ہوگا، جبکہ ایران اور امریکا کی جانب سے آبنائے ہرمز پر عائد متوازی ناکہ بندیوں کا خاتمہ بھی ہوگا، اور ایران کے جوہری پروگرام پر کچھ پابندیاں عائد کی جائیں گی، جس کا مقصد یورینیم کی افزودگی کو عارضی طور پر روکنا یا معطل کرنا ہوگا۔اگرچہ ذرائع نے کہا کہ ابتدائی مفاہمتی یادداشت میں کسی بھی فریق سے فوری رعایتیں نہیں لی جائیں گی، تاہم اس میں واشنگٹن کے وہ اہم مطالبات شامل نہیں تھے جو ماضی میں سامنے آئے تھے اور جنہیں ایران نے مسترد کیا ، جیسے ایران کے میزائل پروگرام پر پابندیاں اور مشرقِ وسطیٰ میں اس کی پراکسی ملیشیاؤں کی حمایت ختم کرنا۔

ذرائع نے مستقبل میں ایران کے یورینیم کی افزودگی پر ممکنہ پابندیوں کا ذکر کیا، تاہم ایران کے موجودہ ذخیرے کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا، جو 400 کلوگرام (900 پاؤنڈ)سے زیادہ ہے اور پہلے ہی اس حد تک افزودہ ہے کہ وہ ہتھیاروں کے قریب سمجھا جاتا ہے ۔ واشنگٹن پہلے بھی مطالبہ کر چکا ہے کہ جنگ ختم کرنے کے لیے ایران یہ ذخیرہ حوالے کرے ۔ ایران کے رکنِ پارلیمنٹ ابراہیم رضائی، جو پارلیمنٹ کی طاقتور خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کمیٹی کے ترجمان ہیں، نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ ایکسیوس کی رپورٹ کردہ متن حقیقت سے زیادہ امریکی خواہشات کی فہرست ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ امریکی اس جنگ میں کچھ حاصل نہیں کر سکیں گے جس میں وہ پہلے ہی ہار رہے ہیں، جو انہوں نے براہِ راست مذاکرات میں بھی حاصل نہیں کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں