خواتین فٹبال کے فروغ کیلئے پی ایف ایف کے زیر اہتمام سیمپوزیم

 خواتین فٹبال کے فروغ کیلئے پی ایف ایف کے زیر اہتمام سیمپوزیم

پاکستان میں خواتین فٹبال کی حمایت جاری رکھیں گے :فیفارکن اریجانا ڈیمیرووچ ملک بھر میں فٹبال میدان بنائے جا رہے :محسن گیلانی،مہرین رزاق بھٹو کابھی خطاب

اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر)پاکستان فٹبال فیڈریشن کے زیر اہتمام ویمنز فٹبال کے فروغ، ڈیویلپمنٹ، روشن مستقبل اور ترقی کے حوالے سے ایک سیمپوزیم کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں رکن قومی اسمبلی مہرین رزاق بھٹو ، وفاقی سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ اور ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ محی الدین وانی، ملتان سلطانز کے سابق مالک علی ترین ، صدر پی ایف ایف سید محسن گیلانی، سی ای او شاہد کھوکھر، ویمن ونگ کی سربراہ مژگان اورکزئی، اسما بٹ، فرزانہ بتول سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔سیمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے مہرین رزاق بھٹو نے سید محسن گیلانی اور ان کی ٹیم کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران ملک بھر میں فٹبال سرگرمیوں کی بحالی خوش آئند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فٹبال میں نئی توانائی اور مثبت پیش رفت مستقبل کے لیے حوصلہ افزا اشارے ہیں، جبکہ پاکستان میں خواتین کھلاڑیوں نے رکاوٹیں توڑ کر کھیلوں کے میدان میں نئی مثالیں قائم کی ہیں۔ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے فیفا ویمن فٹبال ڈویلپمنٹ کی سربراہ اریجانا ڈیمیرووچ نے پاکستان کے ساتھ کام کرنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں فٹبال کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے ۔

انہوں نے کہا کہ فیفا لڑکیوں کے لیے فٹبال میں ترقی کے مواقع اور بہتر پلیٹ فارم فراہم کرے گا تاکہ خواتین فٹبال کو مزید فروغ دیا جا سکے ۔ فیفا مستقبل میں بھی پاکستان فٹبال کی مکمل حمایت جاری رکھے گا اور جلد دوبارہ پاکستان کا دورہ بھی کیا جائے گا، جبکہ انہوں نے محسن گیلانی کی فٹبال کے فروغ کے لیے کاوشوں کو بھی سراہا۔وفاقی سیکرٹری آئی پی سی محی الدین احمد وانی نے کہا کہ فٹبال غریب آدمی کا کھیل ہے اور حکومت نچلی سطح پر کھیلوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے ۔صدر پی ایف ایف سید محسن گیلانی نے کہا کہ پاکستان میں فٹبال کے فروغ اور ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ فیفا کے تعاون سے فٹبال میدان قائم کیے جا رہے ہیں اور مستقبل میں اس منصوبے کو مختلف شہروں تک توسیع دی جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں