پاکستان کے چاچا کرکٹ رواں برس ریٹائر ہوجائیں گے

پاکستان کے چاچا کرکٹ رواں برس ریٹائر ہوجائیں گے

پاکستان کے چاچا کرکٹ رواں برس ریٹائر ہوجائیں گے پاکستان اور آسٹریلیا کا تیسرا ون ڈے آخری بار سٹیڈیم میں بیٹھ کر دیکھیں گے

لاہور (سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سب سے مشہور اور پرجوش سپورٹر چاچا کرکٹ نے رواں سال ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے ۔ چاچا کرکٹ کے نام سے مشہور 77سالہ عبدالجلیل اگلے ہفتے لاہور میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والا تیسرا ون ڈے میچ اپنے ملک میں آخری بار سٹیڈیم میں بیٹھ کر دیکھیں گے ۔چاچا کرکٹ نے پہلی بار 1968-69 میں لاہور میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ سٹیڈیم میں دیکھا تھا۔بعد ازاں وہ شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان ٹیم کے مستقل حمایتی کے طور پر مشہور ہوئے ۔سبز لباس اور ٹوپی ان کی پہچان بن گئی جبکہ 1999 ورلڈ کپ کے دوران انگلینڈ میں پاکستان ٹیم کی بھرپور حمایت کے بعد انہیں عالمی شہرت ملی۔ عبدالجلیل نے بتایا کہ وہ اب سیالکوٹ کے قریب ایک ریسٹورنٹ اور میوزیم قائم کرنا چاہتے ہیں جہاں وہ کرکٹ سے جڑی اپنی یادگار اشیا رکھیں گے ۔انہوں نے کہاکہ انہوں نے پاکستان کے 500 میچز میں ٹیم کی حوصلہ افزائی کا ہدف مکمل کر لیا ہے ۔چاچا کرکٹ نے پاکستان کی کئی تاریخی فتوحات اپنی آنکھوں سے دیکھیں، جن میں جاوید میانداد کا 1986 میں آخری گیند پر چھکا اور 2017 چیمپئنز ٹرافی فائنل شامل ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں