فٹبال ورلڈ کپ میں تاریخ کا سب سے بڑا جواء

 فٹبال ورلڈ کپ میں تاریخ کا سب سے بڑا جواء

دنیا بھر میں اس ایونٹ کے دوران سٹے بازی کا حجم 50ارب ڈالر سے زیادہ شرطوں میں زیادہ تر رقم ارجنٹینا اور فرانس پر لگی ہے ،انگلینڈ تیسرے نمبر پر زیادہ گول کرنے میں فرانس کے ایمباپے اورناروے کے ایرلنگ ہالینڈ پر شرطیں

 پیرس (اے ایف پی)بیٹنگ کے ماہرین کے مطابق آئندہ فٹبال ورلڈ کپ کے دوران دنیا بھر میں سٹے بازی کا حجم 50  ارب ڈالر سے بھی بڑھ سکتا ہے ، جو اس ایونٹ کو تاریخ کا سب سے بڑا جوئے کا مرکز بنا دے گا ۔یہ مقابلے 11 جون سے 19 جولائی تک امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں ہونگے ۔ماہر ڈیرن اسمال نے کہا کہ ورلڈ کپ کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اور ٹیموں کی تعداد میں اضافہ اس رجحان کی بڑی وجوہات ہیں۔ 2022 کے مقابلے میں اس بار ٹورنامنٹ میں 32 کے بجائے 48 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، جس سے دلچسپی اور شرطوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ اب شائقین صرف ٹیموں کی جیت یا ہار تک محدود نہیں رہے بلکہ کھلاڑیوں کی انفرادی کارکردگی اور شہرت پر بھی زیادہ شرطیں لگائی جا رہی ہیں۔اسپورٹ رڈار کمپنی کے مطابق بیٹ بلڈرزاور اپنی مرضی کی شرطوں جیسے آپشنز تیزی سے مقبول ہو رہے ہیں، جن میں لوگ میچ کے مختلف پہلوؤں پر پیچیدہ انداز میں شرط لگاتے ہیں، جیسے گول کرنے والے کھلاڑی، پاسز، ٹیکل اور کارنرز وغیرہ۔ شرطوں میں زیادہ تر رقم ارجنٹینا اور فرانس پر لگی ہے ۔ تاہم اب بھی بہت سے لوگ انگلینڈ کے لیے امید رکھتے ہیں کہ وہ 60 سال بعد دوسری بار ورلڈ کپ جیتنے کا انتظار ختم کرے گا۔انگلینڈ تیسرے نمبر پر فیورٹ ہے ۔ گولڈن بوٹ (سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی)کے لیے بڑی دلچسپی پائی جاتی ہے ، جس میں فرانسیسی اسٹار کیلیان ایمباپے اور ناروے کے اسٹرائیکر ایرلنگ ہالینڈ پر بڑی شرطیں لگائی جا رہی ہیں۔ 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں