ایرانی فٹبال ٹیم کو تاحال ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے امریکی ویزے نہ مل سکے
ٹیجوانا، میکسیکو (اے ایف پی)ایران کی فٹبال ٹیم کو اب تک امریکا کے ویزے جاری نہیں کئے گئے ، جس کے باعث ٹیم ورلڈ کپ کی تیاری ٹھیک طریقے سے نہیں کر پا رہی۔
میکسیکو میں ایران کے سفیر ابوالفضل پسندیدہ نے گزشتہ روز میکسیکو کے سرحدی شہر ٹیجوانا کا دورہ کیا جہاں ایرانی ٹیم نے اپنا تربیتی کیمپ منتقل کر لیا ہے جبکہ ٹیم کا کیمپ امریکی ریاست ایریزونا کے شہر ٹکسن میں قائم کیا جانا تھا۔ابوالفضل پسندیدہ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ امریکا نے ایرانی ٹیم کی میزبانی کی ذمہ داری پوری نہیں کی،ابھی تک یہ واضح نہیں کہ کھلاڑیوں کو ویزے دئیے جائیں گے یا نہیں۔ایران کو ورلڈ کپ کے گروپ میچز امریکی شہروں لاس اینجلس اور سی ایٹل میں کھیلنا ہیں۔ ایرانی فٹبال فیڈریشن کے سربراہ کا کہنا ہے کہ انہیں امید ہے کھلاڑیوں کو متعدد بار داخلے کے ویزے جاری کئے جائیں گے ۔