ویمنز ٹی 20ورلڈ کپ، انگلینڈ نے سری لنکا کو چت کردیا
220ربزکے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم 132رنز بناکر آؤٹ
برمنگھم (سپورٹس ڈیسک )ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں میزبان انگلینڈ نے سری لنکا کو شکست دے دی، میچ میں انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ایک وکٹ پر 219رنز سکور کئے ، ویاٹ ہوج نے 105رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔برمنگھم میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کی، اوپنر ایمی جونز اور ڈینی ویاٹ ہوج نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 135 رنز کی بُنیاد رکھی، ایمی جونز 53 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں۔دوسری وکٹ پر ڈینی ویاٹ اور کپتان نیٹ شوائر برنٹ نے حریف بولرز کی ایک نہ چلنے دی اور میدان کے چاروں جانب سٹروکس کھیلے ، خاص طور پر ڈینی ویاٹ نے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے 61 گیندوں پر سنچری مکمل کی، وہ 62 گیندوں کا سامنا کرنے کے بعد 13 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 105رنز پر ناٹ آؤٹ رہیں، نیٹ شوائر نے 46 رنز بنائے ۔انگلینڈ کا سکور 1 وکٹ پر 219رنز رہا، ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی بیٹرز وقفے وقفے سے پویلین جاتی رہیں، ٹیم اننگز کی آخری گیند پر 132رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، نیلاک شیکا سلوا 37 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں، فریا کیمپ نے چار، سوفی ایکلسٹیون اور چارلی ڈین نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔