راولپنڈی میں باپ بیٹا اٹک میں ماں بیٹی قتل
راولپنڈی،اٹک(دنیا نیوز،اے پی پی) راولپنڈی میں فائرنگ سے باپ بیٹا جاں بحق، خاتون زخمی ہوگئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق چاکرہ سادہ روڈ پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کی جس سے باپ اور بیٹا موقع پر دم توڑ گئے جبکہ راہگیر خاتون گولی لگنے سے زخمی ہوگئی۔ جاں بحق افراد کی شناخت سیدشہزادہ شاہ اور ان کے بیٹے سید مصطفی شاہ کے نام سے ہوئی ہے ۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں واقعے کی وجہ زمین کا تنازع معلوم ہوتی ہے ۔ ریسکیو 1122 نے لاشیں اور زخمی خاتون کو ہسپتال منتقل کر دیا۔ اٹک کے گائو ں دکھنیر میں بیٹے کی فائرنگ سے ماں اور بہن جاں بحق ہو گئیں۔ لواحقین کے مطابق ملزم نے گھر کے اندر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دونوں خواتین موقع پر ہی دم توڑ گئیں، جبکہ واردات کے بعد ملزم موقع سے فرار ہو گیا۔اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اٹک کی ایمبولینس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ واقعے کی اطلاع پولیس کو بھی دے دی گئی، پولیس کی ضروری کارروائی اور تفتیش مکمل ہونے کے بعد دونوں جاں بحق خواتین کی لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال اٹک منتقل کیا جائے گا۔