بگ بیش لیگ کی نجکاری،سی اے اور ریاستوں میں اتفاق
آسٹریلین کرکٹرز ایسوسی ایشن کی مخالفت کے باعث اب بھی بڑے چیلنجز برقرار
میلبورن (سپورٹس ڈیسک)کرکٹ آسٹریلیا (سی اے ) اور ملک کی 6 بڑی ریاستوں کے درمیان بگ بیش لیگ میں نجی سرمایہ کاری لانے اور 'خود مختاری کے ماڈل' پر اصولی اتفاق ہو گیا ہے ، تاہم آسٹریلین کرکٹرز ایسوسی ایشن (اے سی اے ) کی شدید مخالفت کے باعث اب بھی بڑے چیلنجز برقرار ہیں۔ میلبورن میں کرکٹ آسٹریلیا کے ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ ایک اہم اجلاس کے بعد جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ نئے ماڈل کے تحت ہر ریاست کو یہ حق حاصل ہوگا کہ وہ اپنی مرضی کے مطابق فیصلہ کرے کہ اسے اپنی بگ بیش ٹیم کے شیئرز کب اور کس وقت مارکیٹ میں فروخت کرنے ہیں۔
معاہدے کے تحت کرکٹ وکٹوریہ مارکیٹ میں اپنی ٹیمیں بیچنے والی پہلی ریاست بن سکتی ہے ۔اس اصولی معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے 4 اہم شرائط رکھی گئی ہیں، بگ بیش لیگز کے نئے گورننس سٹرکچر پر اتفاق کیا جائے گا۔ نئے آپریٹنگ ماڈل کے تحت کرکٹ آسٹریلیا کے اپنے گورننس سٹرکچر میں تبدیلیاں کی جائیں گی۔ آسٹریلین کرکٹرز ایسوسی ایشن کے ساتھ اس ماڈل کے طریقہ کار پر حتمی معاہدہ کیا جائے گا۔ کرکٹ آسٹریلیا اور تمام ریاستوں کے درمیان مستقبل کے فنڈز اور آمدنی کی تقسیم کا فارمولا طے ہوگا۔