ہاکی،پے در پے شکستوں کے بعد کپتان کی قوم سے معافی
ہاکی،پے در پے شکستوں کے بعد کپتان کی قوم سے معافی دنیا کی بہترین ٹیموں کا مقابلہ کرنا ہے تو اپنی صلاحیتوں کو بڑھانا ہوگا، عماد شکیل
لاہور(سپورٹس ڈیسک)ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ میں پاکستان ہاکی ٹیم کا بدترین اور مایوس کن سفر اپنے اختتام کو پہنچ گیا، اس حوالے سے کپتان پاکستان ہاکی ٹیم عماد شکیل بٹ نے سوشل میڈیا پر طویل پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ پرو لیگ کا یہ مرحلہ اختتام کو پہنچا، نتائج ہمارے حق میں نہیں آئے جس پر میں پوری قوم سے معذرت خواہ ہوں، سپورٹ کرنے پر سب کا شکریہ، خاص طور پر ان لوگوں کا جو آج بھی ہمارا ساتھ دے رہے ہیں اور ہماری کوشش کو سمجھتے ہیں۔عماد بٹ کا کہنا ہے کہ ایک کھلاڑی ہونے کے ناطے شکست کا بوجھ دل پر لے کر سونا آسان نہیں ہوتا، ایسا نہیں کہ ہم نے کوشش نہیں کی، ہم نے پوری صلاحیت کے مطابق بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کی، دستیاب وسائل کے مطابق وہ سب کچھ کیا جو ہم کر سکتے تھے ، اگرہم نے دنیا کی بہترین ٹیموں کا مقابلہ کرنا ہے تو اپنی صلاحیتوں کو مزید بڑھانا ہوگا، اس کیلئے ہماری فیڈریشن اور ہماری حکومت کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، اب وقت آ گیا ہے کہ صرف ردِعمل دینے کے بجائے عملی اقدامات کیے جائیں، میں کھلاڑیوں کو سہولیات دلانے کیلئے اپنی آواز بلند کرتا رہوں گا۔