قومی اور ڈومیسٹک کرکٹرز کیلئے مالی مراعات میں بڑا اضافہ

 قومی اور ڈومیسٹک کرکٹرز کیلئے مالی مراعات میں بڑا اضافہ

قائد اعظم ٹرافی کے پلیئرز کیلئے میچ فیس 30 ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ کر دی گئی پی سی بی بورڈ آف گورنرز کا اجلاس ،ڈومیسٹک کرکٹ بجٹ 4 ارب کرنیکی منظوری

لاہور (سپورٹس ڈیسک) پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے قومی اور ڈومیسٹک کرکٹرز کیلئے مالی مراعات میں بڑے اضافے کی منظوری دے دی۔ محسن نقوی کی زیر صدارت لاہور میں پی سی بی بورڈ آف گورنرز کا 84واں اجلاس ہوا۔اجلاس میں نئے مالی سال 27-2026 کے سرپلس بجٹ اور پی ایس ایل 12 کے بجٹ کی بھی منظوری دی گئی۔ ڈومیسٹک کرکٹ کے بجٹ میں ایک ارب کے اضافے کی منظوری سے بجٹ 3 ارب روپے سے بڑھا کر 4 ارب روپے کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔اجلاس میں نئے سینٹرل کنٹریکٹ کے فارمیٹ و ادائیگی کے طریقہ کار کی بھی منظوری دی گئی۔قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے میچ فیس میں اضافے کی منظوری دے دی گئی۔

قائد اعظم ٹرافی کے پلیئرز کے لیے میچ فیس 30 ہزار روپے سے بڑھا کر ایک لاکھ،ریزرو پلیئرز کی میچ فیس 15 ہزار روپے سے بڑھا کر 50 ہزار روپے کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ویمنز ون ڈے اور ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹس کے انعقاد اور اس ضمن میں فنڈز مختص کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔اجلاس میں ریجنل گراؤنڈ اسٹاف کی کم از کم تنخواہ 42 ہزار روپے کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ نیشنل بینک سٹیڈیم کراچی اور دیگر انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن کے لیے 6 ارب 70 کروڑ روپے کے فنڈز مختص کرنے کی منظوری دی گئی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں