نجکاری مکمل، پی آئی اے کی ملکیت نئے مالکان کو منتقل، فیلڈ مارشل اور انکی ٹیم کو خصوصی خراج تحسین : شہباز شریف

نجکاری مکمل، پی آئی اے کی ملکیت نئے مالکان کو منتقل، فیلڈ مارشل اور انکی ٹیم کو خصوصی خراج تحسین : شہباز شریف

ثابت کرینگے پی آئی اے ،باکمال لوگ، لاجواب پرواز تھی اور ہمیشہ رہے گی:چیئرمین ایکویٹی لمیٹڈ، معاہدے کی شرائط غیر معمولی طور پر کم ٹائم فریم میں مکمل:نجکاری کمیشن الحمدللہ، آج پاکستان کی معاشی اصلاحات کے سفر میں ایک اور اہم مرحلہ کامیابی سے طے ہوا :وزیر اعظم،یہ سرمایہ کاروں کے اعتماد،شفاف طرزِ حکمرانی کا عکاس:اسحاق ڈار

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ،اے پی پی)پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے )کی نجکاری کا عمل مکمل ہوگیا،وفاقی حکومت نے پی آئی اے سی ایل کی نجکاری کی کامیاب پہلی فنانشل کلوزنگ کے ساتھ ہی قومی ایئرلائن کی ملکیت باضابطہ طور پر نئی انتظامیہ کو منتقل کر دی ،پی آئی اے کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق عارف حبیب کنسورشیم کے ذیلی ادارے پی آئی اے ایکویٹی لمیٹڈ نے 29 جون 2026 سے قومی ایئرلائن کا انتظام سنبھال لیا ہے ، عارف حبیب کنسورشیم کی سپیشل پرپز وہیکل (SPV)پی آئی اے ایکویٹی لمیٹڈ نے 180 ارب روپے میں قومی ایئرلائن کی ملکیت حاصل کی،اس معاہدے کی مجموعی مالیت میں سے 55 ارب روپے حکومتِ پاکستان کو نجکاری کی مد میں حاصل ہوں گے جبکہ 125 ارب روپے نئی ایکویٹی کی صورت میں براہِ راست پی آئی اے میں صرف کئے جائیں گے۔

نئی انتظامیہ کے مطابق یہ سرمایہ کاری آپریشنل اصلاحات، فضائی بیڑے کی جدید خطوط پر اپ گریڈیشن، نئے ملکی و بین الاقوامی روٹس کے آغاز، ادارے کی ڈیجیٹل تبدیلی اور مسافروں کو عالمی معیار کی سہولیات کی فراہمی پر صرف کی جائے گی تاکہ پی آئی اے کو دوبارہ ایک مضبوط اور منافع بخش قومی ایئرلائن بنایا جا سکے ،دوسری جانب نجکاری کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ 29 جنوری 2026 کے شیئر خریداری معاہدے کی تمام تر شرائط کو ایک غیر معمولی طور پر کم ٹائم فریم کے اندر مکمل کیا گیا اور اس دوران بلا تعطل ایئرلائن آپریشنز کو برقرار بھی رکھا گیا اور مسافروں کیلئے خدمات کے تسلسل کو یقینی بنایا گیا۔کنسورشیم کی جانب سے اب تک حکومت پاکستان کو 10 ارب روپے کی ادائیگی اور پی آئی اے میں 80 ارب روپے کی نئی سرمایہ کاری کی گئی ۔

نجکاری کمیشن کے مطابق نئی سرمایہ کاری کا مقصد ایئر لائن کی مالی حالت کو مضبوط بنانا، ہوائی بیڑے میں توسیع اور جدت لانا، آپریشنل کارکردگی اور کسٹمر سروس کو بہتر بنانا ہے ،آئندہ ایک سال میں دوسری فنانشل کلوزنگ تک خریدار کنسورشیم پی آئی اے سی ایل میں مزید 45 ارب روپے کی سرمایہ کاری کرے گا جبکہ بقیہ 25 فیصد شیئر خریدنے کی صورت میں 45 ارب کی ادائیگی حکومت پاکستان کو بھی کرے گا،کنسورشیم بقیہ 25 فیصد خریدنے کا تحریری عندیہ دے چکا ہے ۔وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی نے کہا کہ یہ نجکاری ایک شفاف، منصفانہ، مسابقتی اور پیشہ ورانہ طور پر منظم عمل کے ذریعے پیچیدہ ٹرانزیکشن کو انجام دینے کی پاکستان کی صلاحیت کا مظہر ہے ۔ پی آئی اے ایکویٹی لمیٹڈ کے چیئرمین نے ذمہ داریاں سنبھالتے ہوئے کہا کہ آج نئی شروعات کا دن ہے، تاہم انہیں اس حقیقت کا مکمل ادراک ہے کہ قوم کا اعتماد صرف دستاویزات کی منتقلی سے حاصل نہیں ہوگا بلکہ بہتر کارکردگی، معیاری خدمات اور مسافروں کے اعتماد کی بحالی سے ہی یہ مقصد حاصل کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اعتماد ہر پرواز، ہر مسکراہٹ اور ہر سال کے ساتھ حاصل کیا جائے گا، ہم اس ذمہ داری کو پوری سنجیدگی سے قبول کرتے ہیں ،انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ پی آئی اے کی ملکیت تبدیل ہو چکی ہے لیکن پاکستان کی خدمت کا ہمارا جذبہ پہلے سے کہیں زیادہ مستحکم ہے ۔ ہم پی آئی اے کے درخشاں ورثے کا احترام کرتے ہوئے اسے ایک جدید، عالمی معیار کی پریمیم ایئرلائن بنائیں گے ، ہم اپنے مہمانوں کا اعتماد بحال کریں گے اور ایک بار پھر ثابت کریں گے کہ پی آئی اے ، _باکمال لوگ لاجواب پرواز تھی اور ہمیشہ رہے گی۔ واضع رہے پی آئی اے کی ملکیت کی تبدیلی ایک شفاف، جامع اور مسابقتی نجکاری کے عمل کا نتیجہ ہے جس کا مقصد قومی فضائی کمپنی کو نئی زندگی اور اس کے آپریشنز کو تقویت دینا ہے ، اس ضمن میں تمام ملکی و بین الاقوامی ریگولیٹری قوانین کی پاسداری، عالمی قرض دہندگان کی رضامندی اور ضروری ٹیکس معاملات کی تکمیل کو یقینی بنایا گیا۔

پی آئی اے ایکویٹی لمیٹڈ کامیاب بولی دینے والے عارف حبیب کارپوریشن کی قیادت میں قائم خصوصی ادارہ (اسپیشل پرپز وہیکل)ہے ، یہ کنسورشیم عارف حبیب کارپوریشن، فاطمہ فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ، فوجی فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ، لیک سٹی ہولڈنگز (پرائیویٹ)لمیٹڈ، دی سٹی سکول (پرائیویٹ)لمیٹڈ اور اے کے ڈی گروپ ہولڈنگز جیسے پاکستان کے ممتاز صنعتی اور مالیاتی اداروں پر مشتمل ہے ، نیا انتظامی ڈھانچہ، بیوروکریٹک رکاوٹوں کو کم کرتے ہوئے تیز، مؤثر اور کاروباری تقاضوں سے ہم آہنگ فیصلہ سازی کو ممکن بنائے گا جس سے پی آئی اے کو عالمی معیار کی ایئرلائن میں تبدیل کرنے کی راہ ہموار ہوگی۔ دریں اثناء پی آئی اے کی نئی انتظامیہ نے نیا بورڈ آف ڈائریکٹرزبھی تشکیل دے دیا جس میں انور علی حیدر، جہانگیر پراچہ، گوہر اعجاز ، عارف حبیب، فضل شیخ، عقیل کریم ڈھیڈی اور فرزانہ فیروز شامل ہیں،انور علی حیدر کو نئے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا چیئرمین منتخب کر لیا گیا ہے ۔ 

 اسلام آباد(نامہ نگار، مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے پی آئی اے کی نجکاری کے پہلے مالی مرحلے کی کامیاب تکمیل اور انتظامی کنٹرول سرمایہ کاروں کے کنسورشیم کو منتقل کیے جانے کو پاکستان کے معاشی اصلاحاتی سفر میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا ہے ۔وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہاکہ الحمدللہ، آج پاکستان کی معاشی اصلاحات کے سفر میں ایک اور اہم مرحلہ کامیابی سے طے ہوا ہے ،پی آئی اے کی نجکاری کے پہلے مالی مرحلے کی کامیاب تکمیل اور قومی ایئرلائن کا انتظامی کنٹرول سرمایہ کار کنسورشیم کو منتقل ہونا قومی فضائی کمپنی کے لیے ایک نئے باب کا آغاز ہے۔ انہوں نے کہاکہ پی آئی اے کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور اسے مزید مضبوط بنانے کے لیے ہونے والی انقلابی سرمایہ کاری کے ذریعے قومی ایئرلائن کی بحالی کی بنیاد رکھی جا رہی ہے، اس اقدام سے پاکستان پر سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی مزید مستحکم ہوگا۔

وزیراعظم نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی تعریف کی۔انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ان کی پوری ٹیم کو خصوصی خراجِ تحسین پیش کیا جن کی لگن اور کاوشوں سے یہ اہم کامیابی ملی۔وزیراعظم نے مشیر برائے نجکاری محمد علی، وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب، نجکاری کمیشن اور اس عمل میں شریک تمام افراد کی پیشہ ورانہ صلاحیت، عزم اور انتھک محنت کو بھی سراہتے ہوئے کہاکہ انہی کی کوششوں سے یہ تاریخی کامیابی ممکن ہوئی، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پی آئی اے کی نجکاری کے پہلے مالیاتی مرحلے کی کامیاب تکمیل پر وزیراعظم اور پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسے پاکستان کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیا ہے ۔ ایکس پر جاری اپنے بیان میں اسحاق ڈار نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری کا یہ پیچیدہ مالیاتی مرحلہ محنت، خلوص، مؤثر کارکردگی اور مختلف سرکاری اداروں کے درمیان قریبی تعاون کے ذریعے کامیابی سے مکمل کیا گیا۔اس کامیابی سے حکومت کے شفاف طرزِ حکمرانی، معاشی اصلاحات اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کے فروغ کے عزم کی عکاسی ہوتی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں