آج مذاکرات : امریکا کا اصرار، ایران کا انکار، سفارتی اور فوجی کشیدگی کے باعث تیل کی عالمی قیمتوں میں 1 فیصد اضافہ قطر نے بحری جہازوں کو سفر سے روک دیا

آج مذاکرات : امریکا کا اصرار، ایران کا انکار، سفارتی اور فوجی کشیدگی کے باعث تیل کی عالمی قیمتوں میں 1 فیصد اضافہ قطر نے بحری جہازوں کو سفر سے روک دیا

سٹیووٹکوف ،جیرڈکشنر دوحہ مذاکرات میں شریک ہونگے :وائٹ ہاؤس،اس ہفتے کوئی تکنیکی اجلاس نہیں:تہران،آبنائے ہرمز کے مستقبل کے انتظام کیلئے ایران و عمان کا پہلا باقاعدہ اجلاس 6 ارب ڈالر کی پہلی قسط جلد ہی ایران کو واپس کی جائیگی:پزشکیان،فرانس کا عمان ودیگر سے مل کر ہرمز سے بارودی سرنگیں ہٹانے کا اعلان،معاہدہ لبنان کو تقسیم کرنیکی کوشش:لبنانی سپیکر

دوحہ ، واشنگٹن ( نیوز ایجنسیاں )وائٹ ہاؤس نے تصدیق کی ہے کہ ایران کے ساتھ تکنیکی مذاکرات کیلئے امریکی نمائندے سٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر دوحہ جا رہے ہیں۔اس سے قبل امریکی صدر نے ٹروتھ سوشل پر اپنی ایک پوسٹ میں کہا تھا کہ ایران نے ایک میٹنگ کی درخواست کی ہے ، اس کا انعقاد منگل کو دوحہ میں ہو گا۔تاہم دوسری طرف ایران کی تکنیکی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ کاظم غریب آبادی نے منگل کو ہونے والے مذاکرات کی تردید کی ہے ۔ ایرانی نائب وزیرِ خارجہ کاظم غریب آبادی نے سرکاری ٹیلی ویژن پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی کیلنڈر کے مطابق (جو جمعہ کو ختم ہوتا ہے )اس پورے ہفتے میں کسی تکنیکی اجلاس کا کوئی شیڈول موجود نہیں ہے ۔ دوسری جانب مشرقِ وسطیٰ کی جنگ کے خاتمے کیلئے امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والے ابتدائی معاہدے کے بعد ایران نے عمان کے ساتھ آبنائے ہرمز کے مستقبل کے انتظام و انصرام پر پہلے باقاعدہ اجلاس کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔

رائٹرز کے مطابق سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ دوحہ میں ہونے والے اجلاس میں سارا دباؤ آبنائے ہرمز کی صورتحال کو سنبھالنے اور فوری طور پر جنگ بندی کو برقرار رکھنے پر ہوگا۔ اس سفارتی اور فوجی کشیدگی کے باعث پیر کے روز عالمی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل کی قیمتوں میں تقریباً 1 فیصد اضافہ دیکھا گیا، جس سے عالمی سطح پر مہنگائی کے حوالے سے تشویش بڑھی ہے ۔سکیورٹی خدشات کے پیش نظر قطر کی وزارتِ ٹرانسپورٹ نے پیر کے روز ایک اہم نوٹس جاری کرتے ہوئے تمام نجی اور تفریحی بحری جہازوں بشمول جیٹ اسکیز کی آمد و رفت پر پابندی عائد کر دی ہے ۔ وزارت نے تمام شہریوں اور متعلقہ افراد کو ہدایت کی ہے کہ وہ اگلے حکم تک سمندر میں جانے سے گریز کریں۔ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے پیر کے روز تصدیق کی کہ عارضی معاہدے کے نتیجے میں قطر میں منجمد 12 ارب ڈالر کے ایرانی اثاثوں میں سے 6 ارب ڈالر کی پہلی قسط جلد ہی ایران کو واپس کر دی جائے گی۔

صدر پزشکیان نے اس مفاہمتی یادداشت کو، جس میں ایرانی تیل اور پیٹرو کیمیکل سیکٹرز پر سے پابندیاں ہٹانا بھی شامل ہے ، ایرانی عوام کی ایک بڑی جیت قرار دیا ہے ۔ فرانسیسی صدر ایمانوئل میکخواں نے عمان کے سلطان ہیثم بن طارق آل سعید سے ملاقات کے بعد اعلان کیا ہے کہ فرانس، عمان اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ مل کر آبنائے ہرمز کو بارودی سرنگوں سے پاک کرنے کیلئے کام کرے گا تاکہ سمندری راستوں کی حفاظت اور جہاز رانی کو بلا تعطل برقرار رکھا جا سکے ۔امریکا اور ایران کے درمیان اس وسیع تر معاہدے کا دارومدار لبنان میں جاری جنگ پر بھی ہے ۔ ایرانی حمایت یافتہ حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کیلئے امریکی کوششوں پر لبنانی پارلیمنٹ کے سپیکر نبیہ بری نے شکوک و شبہات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ معاہدہ لبنان کو تقسیم کرنے کی کوشش ہے اور اس پر عملدرآمد نہیں ہو پائے گا۔ تہران کا مؤقف ہے کہ لبنان سے اسرائیلی افواج کا انخلا اور وہاں جنگ بندی امریکا کے ساتھ کسی بھی حتمی معاہدے کا لازمی حصہ ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں