تھکن مٹانے کیلئے نوجوان آنکھوں پر مساج گن چلا بیٹھا
لندن(نیٹ نیوز) مساج گن کا غلط استعمال ایک 20 سالہ برطانوی نوجوان کیلئے تباہ کن ثابت ہوگیا۔ اس شخص نے اپنی آنکھوں کی تھکن دور کرنے کے لیے مساج گن کو براہِ راست اپنے پپوٹوں اور آنکھوں کے ڈیلوں پر چلا دیا۔
ڈاکٹروں کے مطابق نوجوان پچھلے تین ماہ سے ہر ہفتے باقاعدگی سے مساج گن کو اپنی آنکھوں پر استعمال کر رہا تھا، تاکہ اسے سکون مل سکے ۔ چند دن پہلے جب اس کی دائیں آنکھ کے سامنے اچانک اندھیرا، چمکتی ہوئی روشنیاں اور دھندلے دھبے تیرتے ہوئے نظر آنے لگے ، تو وہ گھبرا کر ہسپتال پہنچا۔ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ معائنے پر معلوم ہوا کہ مساج گن کی شدید تھرتھراہٹ اور دباؤ نے آنکھ کے ڈیلوں کو اندر کی طرف پچکا دیا، جس کے نتیجے میں اس کی دونوں آنکھوں کے اندرونی پردے جگہ جگہ سے بری طرح پھٹ گئے ۔