ساہیوال :مبینہ مقابلہ،چرواہے کے اغوا وقتل کا ملزم ہلاک
سی سی ڈی اہلکار ملزم ذوالقرنین کو برآمدگی کیلئے لے جا رہے تھے ،فرار ہو گیا فائرنگ کے تبادلے میں ملزم مارا گیا،2فرار، چیچہ وطنی میں 3مبینہ ڈاکو گرفتار
ساہیوال ،غازی آباد(خبرنگار،نمائندہ خصوصی) سی سی ڈی سے مبینہ مقابلہ، 19 سالہ چرواہے کو اغوا کے بعد قتل کرنے میں ملوث ملزم ماراگیا ۔ بتایا گیا ہے کہ سی سی ڈی پولیس چرواہے کو اغوا کے بعد قتل کرنے میں ملوث زیر حراست ملزم ذوالقرنین کو آلہ قتل چھری کی برآمد گی کیلئے لیکر جارہی تھی کہ ملزم ہتھکڑی سمیت فرار ہو گیا،اسی دوران سی سی ڈی نے گزشتہ رات نور کے کاٹھیا کے قریب 3 موٹرسائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی تو ملزموں نے فائرنگ کردی ،پولیس نے بھی جوابی کارروائی کی،فائرنگ رکنے پر ایک ملزم ہلاک ملا جبکہ دیگر 2ملزمان فرار ہو گئے ۔ ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت ذوالقرنین کے نام سے ہوئی ۔سی سی ڈی پولیس نے لاش سرکاری ہسپتال منتقل کردی ۔ ہلاک ملزم ذوالقرنین کیخلاف ایک ماہ قبل چرواہے عمران کو اغوا کے بعد قتل کرنے کے مقدمہ میں ملوث تھا۔ادھر چیچہ وطنی میں سی سی ڈی نے ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث 3 ڈاکوؤں کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے جدید اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کر کے تفتیش شروع کر دی ہے ۔