غلطی سے اصلی پولیس افسر کو روکنے پر جعلی اہلکار گرفتار
فلوریڈا (نیٹ نیوز)امریکا کی ریاست فلوریڈا میں ایک شخص کو پولیس افسر بننے کا ڈراما اس وقت مہنگا پڑ گیا جب اس نے غلطی سے ایک حقیقی پولیس اہلکار کی گاڑی روکنے کی کوشش کی اور خود گرفتار ہو گیا۔
46 سالہ نادی جباری پر الزام ہے کہ اس نے اپنی گاڑی میں سرخ اور نیلی ایمرجنسی لائٹس نصب کر رکھی تھیں اور خود کو پولیس افسر ظاہر کرتے ہوئے ایک گاڑی کو رکنے کا اشارہ دیا۔ تاہم، جس گاڑی کو اس نے روکنے کی کوشش کی، وہ ایک خفیہ ڈیوٹی پر موجود شیرف ڈپٹی چلا رہا تھا۔ اہلکار نے فوری طور پر دیگر پولیس ٹیموں کو موقع پر طلب کیا، جس کے بعد ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ حکام کے مطابق نادی جباری کے خلاف قانون نافذ کرنے والے ادارے کا جعلی اہلکار بننے اور اسلحہ رکھنے سمیت مختلف الزامات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ، واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔