واٹس ایپ میں بڑی تبدیلی، نمبر کے بغیر رابطہ ممکن،یوزر نیم سسٹم متعارف
پیرس (اے ایف پی)دنیا کی سب سے مقبول میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے بڑی تبدیلی کا اعلان کر دیا ۔۔۔
واٹس ایپ کی مالک کمپنی 'میٹا' کے مطابق، اب صارفین کو دوسروں سے رابطے کے لیے اپنا پرسنل فون نمبر شیئر کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔اس نئی اپ ڈیٹ کے بعد، صارفین اپنے لیے ایک منفرد 'یوزر نیم' منتخب کر سکیں گے ، جسے شیئر کر کے کسی سے بھی بات چیت شروع کی جا سکے گی۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد صارفین کے فون نمبرز کی پرائیویسی کا تحفظ کرنا ہے ۔ اب جب کسی صارف کو کسی بڑے گروپ چیٹ میں شامل کیا جائے گا، یا وہ پہلی بار کسی انجان شخص یا بزنس اکاؤنٹ کو میسج کریں گے ، تو ان کا فون نمبر خودبخود دوسروں کے سامنے ظاہر نہیں ہوگا۔ چونکہ دنیا بھر میں واٹس ایپ استعمال کرنے والوں کی تعداد 3 ارب سے زائد ہے ، اس لیے ممکن ہے کہ بہت سے صارفین کو ان کی پہلی پسند کا یوزر نیم نہ مل سکے ۔ میٹا کے مطابق، مختلف برانڈز، چھوٹے کاروباروں اور کانٹینٹ کریٹرز کو یہ سہولت دی جائے گی کہ وہ وہی یوزر نیمز حاصل کر سکیں جو وہ پہلے سے میٹا کی دیگر ایپس (فیس بک اور انسٹاگرام) پر استعمال کر رہے ہیں۔ دنیا بھر میں یوزر نیمز کی بکنگ کا عمل آنے والے چند مہینوں کے دوران بتدریج شروع کیا جائے گا ۔