ہرمن کروئس دو سال کیلئے قومی ہاکی کوچنگ ایڈوائزر مقرر

ہرمن کروئس دو سال کیلئے قومی ہاکی کوچنگ ایڈوائزر مقرر

کروئس کو عالمی مقابلوں کیلئے ٹیموں کی تیاری میں مہارت حاصل ، پی ایچ ا یف

لاہور (سپورٹس ڈیسک)پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ملک میں ہاکی کے معیار کو بہتر بنانے اور کھیل کی بحالی کے لئے ہالینڈ کے معروف ہاکی کوچ اور ہائی پرفارمنس ماہر ہرمن کروئس کو ابتدائی طور پر 2 سال کے لئے قومی ہاکی کوچنگ ایڈوائزر مقرر کر دیا ہے ۔فیڈریشن کے مطابق ہرمن کروئس عالمی ہاکی میں ایک تجربہ کار اور معتبر نام ہیں، جو کئی دہائیوں سے یورپ، ایشیا اور دیگر خطوں میں قومی ٹیموں اور ایلیٹ ہاکی پروگراموں کے ساتھ کوچنگ اور مشاورتی ذمہ داریاں نبھاتے رہے ہیں۔ انہیں جدید کوچنگ سسٹم کی تشکیل، نوجوان ٹیلنٹ کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور بین الاقوامی مقابلوں کے لئے ٹیموں کی تیاری میں خصوصی مہارت حاصل ہے ۔بطور قومی ہاکی کوچنگ ایڈوائزر، ہرمن کروئس پاکستان ہاکی کے مجموعی نظام کو مضبوط بنانے کے لئے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی رہنمائی کریں گے ۔ وہ سینئر اور جونیئر قومی ٹیموں کے ساتھ مل کر کوچنگ اور کھلاڑیوں کی ترقی کے لئے جدید اور پائیدار ہائی پرفارمنس فریم ورک تیار کریں گے ، مختلف شعبوں کے ماہر کوچز کو تکنیکی معاونت فراہم کریں گے اور ٹیلنٹ کی شناخت کے پروگراموں کو مزید مؤثر بنانے پر بھی کام کریں گے ۔فیڈریشن کے مطابق ہرمن کروئس آئندہ ورلڈ کپ کے آغاز پر پاکستانی ٹیم کو جوائن کریں گے اور عبوری دور میں کوچنگ سٹاف کے ساتھ مل کر ذمہ داریاں ادا کریں گے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں