ٹیسٹ سیریز: خامیوں پر نگاہ ہے، سرفراز کو بہتر نتائج کی توقع

ٹیسٹ سیریز: خامیوں پر نگاہ ہے، سرفراز کو بہتر نتائج کی توقع

قومی تربیتی کیمپ میں سکلز میں مزید بہتری لانے کیلئے کام کرینگے ، غلطیوں کو دور کرنے کیلئے عملی اقدامات بھی کیے جارہے ہیں امید ہے بابر کی قیادت میں ٹیم زیادہ یکجہتی اور جوش و ولولے کے ساتھ اچھے نتائج فراہم کرے گی، ہیڈکوچ قومی ریڈبال ٹیم

کراچی (سپورٹس ڈیسک)پاکستان ریڈ بال کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور سابق ٹیسٹ کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ بابر اعظم کو مشاورت اور رضامندی کے بعد قیادت سونپی گئی ہے ۔کراچی پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ کوشش ہو گی کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں اچھا پرفارم کریں۔انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف تین میچز کی ٹیسٹ سیریز میں بھی بہتر نتائج کی توقعات ہیں، دونوں سیریز آئی سی سی ٹیسٹ کرکٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہونے کے ناطے انتہائی اہمیت کی حامل ہیں۔ریڈ بال ہیڈ کوچ نے کہا کہ اسلام آباد میں شیڈول قومی تربیتی کیمپ میں سکلز میں مزید بہتری لانے کے لیے کام کریں گے ، اپنی غلطیوں اور خامیوں پر پوری طرح سے نگاہ ہے اور ان کو دور کرنے کے لیے عملی اقدامات بھی کیے جارہے ہیں۔سرفراز احمد نے امید ظاہر کی بابر اعظم کی قیادت میں پاکستان کرکٹ ٹیم زیادہ یکجہتی اور جوش و ولولے کے ساتھ اچھے نتائج فراہم کرے گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ماضی اور موجودہ صحافت میں بہت فرق ہے ، پہلے صحافی میدانوں میں پہنچ کر کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا کرتے تھے ، کوشش ہونی چاہیے کہ پرفارمنس پر بات ہو، ذاتیات اور کردار کو تنقید کا نشانہ بنانا درست نہیں ہے ۔سرفراز احمد نے کہا کہ وہ خود جب فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلتے تھے تو اپنی خبر کی فوٹو کاپی کروا کر موٹرسائیکل پر آئی آئی چندریگر روڈ آتے تھے اور اخبارات کے دفاتر میں اپنی خبر ڈالتے تھے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں