نیشنل سٹیڈیم :پاک جنوبی افریقہ ویمنزٹیموں کی نائٹ پریکٹس

 نیشنل سٹیڈیم :پاک جنوبی افریقہ ویمنزٹیموں کی نائٹ پریکٹس

کھلاڑیوں نے فٹبال کھیلی، فیلڈنگ،بولنگ اور بیٹنگ کی مشقیں بھی کیں آج بھی پریکٹس ،کل پریکٹس سیشن سے قبل سیریز کی ٹرافی کی رونمائی ہوگی

کراچی (سپورٹس ڈیسک )پاکستان اور جنوبی افریقا ویمن انڈر19 کرکٹ ٹیموں کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کی تیاریوں کا آغاز ہوگیا،ہفتہ کی شب دونوں ٹیموں نے نیشنل بینک سٹیڈیم میں نائٹ پریکٹس میں شرکت کی، کھلاڑیوں نے جسمانی ورزشوں کے بعد فٹبال کھیلی۔ کوچنگ سٹاف کی زیر نگرانی فیلڈنگ، بولنگ اور بیٹنگ کی مشقیں کی گئیں ،ویمن کرکٹرز سمندری ہواؤں کے ساتھ خوشگوار موسم سے بھی لطف اندوز ہوتی رہیں،دونوں ٹیمیں آج دوسرے روز بھی بھرپور مشقیں کریں گی اورکل تیسرے دن پریکٹس سیشن سے قبل سیریز کی ٹرافی کی رونمائی ہوگی۔ پاکستان کی کپتان فضا فیاض اور مہمان ٹیم کی کپتان نیکی وین سورس میڈیا سے بھی بات چیت کریں گی، 5 میچز پر مشتمل سیریز 14 سے 24 جولائی تک نیشنل بینک سٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔ سیریز کاپہلا نائٹ ٹی ٹوئنٹی میچ 14 جولائی کو کھیلا جائے گا،دوسرا میچ 17، تیسرا 19، چوتھا 22 اور پانچواں و آخری میچ 24 جولائی کو طے ہے ،سیریز کا مقصد آئندہ اے سی سی ویمنز انڈر 19 ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ اور آئی سی سی ویمنز انڈر 19 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاری ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں