ہاکی ورلڈ کپ، قومی سکواڈ کے چنائو کا اختیار غیر ملکی کوچز کے سپرد
غیر ملکی کوچز کی زیر نگرانی قومی ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ جاری ،روزانہ دو سیشنز میں کھلاڑیوں کی جسمانی استعداد، برداشت ،فٹنس کا جائزہ ہر کھلاڑی کی انفرادی رپورٹ بھی تیار کی جائے گی، صرف مکمل طور پر فٹ کھلاڑیوں کو ہی قومی ٹیم میں جگہ دی جائے گی، پی ایچ ایف
اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)پاکستان ہاکی فیڈریشن نے آئندہ ماہ کھیلے جانیوالے ہاکی ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں بڑے فیصلے کر لئے ، کھلاڑیوں کی فٹنس پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے سمیت ورلڈ کپ سکواڈ کے چناؤ کیلئے اختیار غیر ملکی کوچز کو دیدئیے ۔ذرائع کے مطابق ورلڈ کپ سکواڈ کیلئے غیر ملکی کوچز کی زیر نگرانی قومی ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ جاری ہے جو تمام کھلاڑیوں کے جامع فٹنس ٹیسٹ لے رہے ہیں۔ ہر کھلاڑی کی انفرادی فٹنس رپورٹ بھی تیار کی جائے گی، جس کی بنیاد پر ورلڈ کپ سکواڈ کو حتمی شکل دی جائے گی۔فیڈریشن حکام نے واضح کیا ہے کہ صرف مکمل طور پر فٹ کھلاڑیوں کو ہی قومی ٹیم میں جگہ دی جائے گی، جبکہ کسی بھی غیر فٹ کھلاڑی کو سکواڈ میں شامل نہیں کیا جائے گا۔
غیر ملکی کوچز روزانہ دو سیشنز میں کھلاڑیوں کی جسمانی استعداد، برداشت اور مجموعی فٹنس کا تفصیلی جائزہ لے رہے ہیں تاکہ ورلڈ کپ کے لیے بہترین اور مکمل طور پر تیار ٹیم منتخب کی جا سکے ۔ دوسری طرف خواتین ہاکی کی بحالی کیلئے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی حالیہ کوششوں نے نئی امید پیدا کر دی ہے ۔چند ہفتوں کے دوران ناصرف ملک بھر سے سیکڑوں کھلاڑیوں کو قومی سطح پر کھیلنے کا موقع ملا بلکہ منتخب ٹیم نے بین الاقوامی ایونٹ میں بھی شرکت کی۔اس سلسلے کا آغاز اسلام آباد میں 2 سے 10 جولائی تک منعقد ہونے والی نیشنل انڈر 21 گرلز ہاکی چیمپئن شپ سے ہوا۔ چیمپئن شپ کے دوران پاکستان کو عمان میں ہونے والی اے ایچ ایف انڈر 18 اور انڈر 21 فائیو اے سائیڈ ویمنز ہاکی چیمپئن شپ میں شرکت کی دعوت بھی موصول ہوئی ۔پاکستانی ٹیم نے عمان پہنچ کر اپنے پہلے ہی میچ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جہاں ہانگ کانگ چائنہ کے خلاف قومی ٹیم کی کپتان شارقہ کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments