عظیم اننگز کا خاتمہ ،گیری سوبرز انتقال کر گئے

عظیم اننگز کا خاتمہ ،گیری سوبرز انتقال کر گئے

1 اوور میں 6چھکے لگائے ، صدی کے 5بہترین کھلاڑیوں میں شامل

لاہور (نیوز ڈیسک )کرکٹ کی دنیا ایک عظیم لیجنڈ سے محروم ہو گئی ۔ 20ویں صدی کے عظیم ترین آل راؤنڈر اور ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان سر گارفیلڈ (گیری)سوبرز 89 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ۔ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے سوشل میڈیا پر ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا، ایک عظیم اننگز کا خاتمہ ہو گیا۔ ہمارے دلوں میں، اب اور ہمیشہ کے لیے ، سر گارفیلڈ سوبرز۔سر گیری سوبرز کو کرکٹ کی تاریخ کے چند چند سب سے بااثر اور باصلاحیت کھلاڑیوں میں شمار کیا جاتا ہے ۔1999 میں صدی کے پانچ بہترین کھلاڑیوں\' کے پول میں بھی وہ ڈونلڈ بریڈمین کے ساتھ سرفہرست تھے ۔ انہوں نے 93 ٹیسٹ میچز میں 57.78 کی شاندار اوسط سے 8,032 رنز بنائے ۔ وہ ایک ورسٹائل باؤلر تھے جو نہ صرف فاسٹ باؤلنگ کر سکتے تھے بلکہ ضرورت پڑنے پر لیفٹ آرم اسپن میں بھی تبدیل ہو جاتے تھے ۔ انہوں نے اپنے کیریئر میں 235 ٹیسٹ وکٹیں حاصل کیں۔

وہ ایک چست فیلڈر تھے اور انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 109 کیچز پکڑے ۔ 1958 میں پاکستان کے خلاف کنگسٹن ٹیسٹ میں انہوں نے ناٹ آؤٹ 365 رنز بنا کر اس وقت کا سب سے بڑا انفرادی ٹیسٹ سکور کا عالمی ریکارڈ قائم کیا، جو 1994 تک برقرار رہا (جسے بعد میں برائن لارا نے توڑا)۔ 1968 میں فرسٹ کلاس کرکٹ میں وہ ایک اوور میں لگاتار 6 چھکے لگانے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بنے ۔سر گیری سوبرز 28 جولائی 1936 کو بارباڈوس میں پیدا ہوئے تھے اور انہوں نے محض 16 سال کی عمر میں فرسٹ کلاس ڈیبیو کیا تھا۔ وہ ویسٹ انڈیز کے کپتان بھی رہے اور ان کی قیادت میں ویسٹ انڈیز نے پہلی بار آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتی۔ 1974 میں ریٹائرمنٹ کے بعد 1975 میں انہیں نائٹ ہڈ کے اعزاز سے نوازا گیا تھا۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (ICC) ہر سال دنیا کے بہترین کھلاڑی کو ان کے نام سے منسوب سر گارفیلڈ سوبرز ٹرافی دیتی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...