سینٹرل ایشین والی بال، پاکستان سیمی فائنل میں داخل

سینٹرل ایشین والی بال، پاکستان سیمی فائنل میں داخل

پاکستان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ازبکستان کو سٹریٹ سیٹس میں 3-0 سے شکست دیدی ، ایونٹ میں مسلسل چوتھی کامیابی پہلے میچ میں سری لنکا نے قازقستان کو 3-0 شکست دی، دوسرے مقابلے میں بنگلہ دیش نے نیپال کو سخت جدوجہد کے بعد 3-2 سے ہرایا

اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)پاکستان نے ناقابل شکست رہتے ہوئے سینٹرل ایشین والی بال ایسوسی ایشن (کاوا) مینز والی بال چیمپئن شپ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے ۔ پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں جاری چیمپئن شپ کے پانچویں روز میچز کا سنسنی خیز سلسلہ دوبارہ شروع ہوا، جہاں سری لنکا، بنگلہ دیش اور میزبان پاکستان نے اپنے اپنے میچز میں شاندار کامیابی حاصل کر لی۔ دن کے پہلے میچ میں سری لنکا نے قازقستان کو سٹریٹ سیٹس میں 3-0 (25-22، 25-19، 25-20) سے ہرا کر ایونٹ میں دوسری فتح اپنے نام کی، جبکہ دوسرے دلچسپ مقابلے میں بنگلہ دیش نے نیپال کو پانچ سیٹس کی سخت جدوجہد کے بعد 3-2 (18-25، 25-19، 21-25، 25-23، 15-11) سے شکست دی۔ دن کے آخری اور اہم ترین میچ میں میزبان پاکستان کی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ازبکستان کو سٹریٹ سیٹس میں 3-0 (25-13، 25-22، 25-18) سے چت کر دیا، اور اس فتح کے ساتھ ہی گرین شرٹس نے مسلسل چوتھی کامیابی حاصل کرتے ہوئے ، بغیر کوئی سیٹ ہارے ایونٹ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے ۔ چیمپئن شپ کا لیگ مرحلہ آج آخری تین ڈرامائی مقابلوں کے ساتھ اختتام پذیر ہو رہا ہے ۔ دن کے پہلے میچ میں صبح 10:30 بجے ازبکستان اور نیپال کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی، جبکہ دوپہر 1:00 بجے بنگلہ دیش اور سری لنکا کے درمیان انتہائی اہم مقابلہ کھیلا جائے گا۔ دن کے تیسرے اور آخری میچ میں دوپہر 3:30 بجے میزبان پاکستان کا سامنا قازقستان سے ہوگا، جہاں سیمی ناقابلِ شکست گرین شرٹس فائنل سے قبل لیگ مرحلے کا اختتام مکمل کامیابی اور شاندار ریکارڈ کے ساتھ کرنے کے لیے میدان میں اتریں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...