قومی ویمنز انڈر 19 کرکٹ ٹورنامنٹ آج سے شروع
کونکررز، چیلنجرز، سٹرائیکرز، سٹارز اور انونسبلز میں مقابلے ، 75کھلاڑی شامل ٹرافی کی رونمائی گزشتہ روزحنیف محمد ہائی پرفارمنس سنٹر کراچی میں کردی گئی
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام نیشنل ویمنز انڈر 19 ٹورنامنٹ کا آغاز آج سے کراچی میں ہوگا۔ ٹورنامنٹ میں پانچ ٹیمیں کونکررز، چیلنجرز، سٹرائیکرز، سٹارز اور انونسبلز حصہ لیں گی، جن میں ملک کے 24 شہروں سے تعلق رکھنے والی 75 انڈر 19 کھلاڑی شامل ہیں۔پی سی بی نے نوجوان کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ مسابقتی مواقع فراہم کرنے کیلئے ٹورنامنٹ کو دو مرحلوں میں تقسیم کیا ہے ۔ ابتدائی 10 میچز 30 اوورز کے فارمیٹ میں کھیلے جائیں گے جبکہ باقی 10 لیگ میچز اور فائنل ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں ہوں گے ۔ہر ٹیم ڈبل راؤنڈ رابن مرحلے میں 8،8 میچز کھیلے گی، جس کے بعد سرفہرست دو ٹیموں کے درمیان فائنل 4 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔نیشنل ویمنز انڈر 19 ٹورنامنٹ کی ٹرافی کی رونمائی گزشتہ روزحنیف محمد ہائی پرفارمنس سنٹر کراچی میں کردی گئی ، جس میں ٹورنامنٹ میں شریک پانچوں ٹیموں کی کپتانوں نے شرکت کی اور ٹرافی کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔تقریب میں پانچوں ٹیموں کی نمائندگی کپتان فضہ فیاض، کومل خان، سمیہ افسر، رویل فرحان اور ضوفشاں ایاز نے کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments