اسرائیلی وزیر کے غزہ سے متعلق بیان پر اقوام متحدہ کی مذمت
بن گویر کے ریمارکس افسوسناک، اشتعال انگیز، غیر انسانی اور خطرناک :ترجمان
نیویارک(اے ایف پی)اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اسرائیل کے انتہائی دائیں بازو کے قومی سلامتی کے وزیر اتمار بن گویر کے غزہ میں روزانہ 30 سے 40 افراد کو قتل کرنے کے بیان کی شدید مذمت کی ہے ۔ سیکرٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے بیان کو انتہائی خوفناک، اشتعال انگیز، انسانیت سوز اور خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ اس کی واضح اور غیر مشروط مذمت کرتا ہے ۔ ترجمان کے مطابق غزہ میں جاری انسانی بحران کے دوران اس نوعیت کے بیانات صورتحال کو مزید سنگین کرنے کا باعث بن سکتے ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ شہریوں کے تحفظ اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری کو یقینی بنایا جائے ۔ بن گویر نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں غزہ میں روزانہ ہدف بنا کر ہلاکتوں کی کارروائیاں کرنے پر زور دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف ان افراد کو نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے جو فوری خطرہ ہیں بلکہ دیگر افراد کو بھی ہلاک کیا جانا چاہیے ۔ بن گویر کے بیان پر جرمنی اور فرانس سمیت متعدد ممالک بھی شدید ردعمل ظاہر کرچکے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments