صبحِ نو ورلڈ جونیئر ٹینس ،قومی پلیئرز کوارٹر فائنلز میں پہنچ گئے
باسط، احتشام ، زوہیب ، عامر،حسن عثمانی کی آخری آٹھ کھلاڑیوں میں رسائی
اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس اسلام آباد میں جاری جے 30 صبحِ نو پاکستان ورلڈ جونیئر ٹینس چیمپئن شپ 2026 میں پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے بوائز سنگلز اور ڈبلز کے کوارٹر فائنل مرحلے میں جگہ بنا لی ہے ، جہاں بوائز سنگلز کے راؤنڈ رابن تیسرے مرحلے کے اختتام پر پانچ پاکستانی کھلاڑیوں عبدالباسط، احتشام ہمایوں، زوہیب افضل ملک، عامر مزاری اور حسن عثمانی نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے آخری آٹھ کھلاڑیوں میں رسائی حاصل کی، جبکہ ڈبلز ایونٹ میں بھی سات پاکستانی کھلاڑیوں عبدالباسط، حمزہ رومان، عامر مزاری، زوہیب افضل ملک، ایم حاذق عاصم، عمر جواد اور محمد یحییٰ نے کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر کے ٹورنامنٹ میں پاکستان کی پوزیشن مزید مستحکم کر دی ہے ۔ اس بین الاقوامی ایونٹ میں روس، ہانگ کانگ، چین، تھائی لینڈ، قازقستان، بنگلہ دیش، سنگاپور، سری لنکا، سربیا، آسٹریلیا، اسپین، کینیڈا، سویڈن، جرمنی، جاپان اور میزبان پاکستان سمیت 16 ممالک کے 33 بوائز اور 22 گرلز سمیت مجموعی طور پر 55 کھلاڑی شریک ہیں، جبکہ صبحِ نو کی چیئرپرسن اور ٹورنامنٹ ڈائریکٹر شاہدہ کوثر فاروق نے بھی پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس کا دورہ کیا، میچز دیکھے اور کھلاڑیوں سے ملاقات کر کے ان کی حوصلہ افزائی کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments