دلہن کی ساڑھی، زیورات، میک اپ پر 1600 کروڑ خرچ

نئی دہلی(نیٹ نیوز)بھارت کی تاریخ میں سب سے مہنگی شادی کا اعزاز کسی امبانی کو نہیں بلکہ سابق کرناٹک وزیر جناردھن ریڈی کو حاصل ہوا، جنہوں نے 2016 میں اپنی بیٹی برہمانی کی شادی پر1600 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد خرچ کئے۔
یہ شاندار تقریب 16 نومبر 2016 کو ہوئی، جس میں تقریباً 50,000 مہمانوں نے شرکت کی۔ جناردھن ریڈی نے اپنی بیٹی کی شادی کو یادگار بنانے کے لیے بنگلورو کے فائیو سٹار اور تھری اسٹار ہوٹلوں میں 1,500 کمرے بک کروائے ۔ برہمانی کے عروسی لباس کی مالیت 55 کروڑ روپے تھی اوراس نے 80کروڑروپے کے زیورات پہنے تھے جبکہ عروسی میک اپ پر بھی ایک کروڑ روپے خرچ کیے گئے ۔مہمانوں کو شادی میں شاہی پروٹوکول دیا گیا۔ 15 ہیلی کاپٹرز بھی مہمانوں کی آمدورفت کے لیے کرائے پر لیے گئے۔