گہرے سمندر میں نایاب دیوہیکل جیلی فش کی دریافت
بیونس آئرس(نیٹ نیوز)ارجنٹینا کے ساحل کے قریب ہونے والی ایک سائنسی مہم کے دوران محققین نے گہرے سمندر میں پائی جانے والی ایک نہایت نایاب اور دیوہیکل جیلی فش کی شاندار ویڈیو ریکارڈ کرلی ہے ۔اس مخلوق کو ‘‘جائنٹ فینٹم جیلی فش’’ کہا جاتا ہے ، جبکہ اس کا سائنسی نام Stygiomedusa gigantea ہے ۔ شمڈٹ اوشن انسٹی ٹیوٹ کے مطابق یہ جیلی فش سطحِ سمندر سے تقریباً 820 فٹ نیچے دیکھی گئی اور اس کی لمبائی ایک سکول بس جتنی ہوسکتی ہے ۔
ادارے کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ اس نایاب جیلی فِش کے پاس ڈنک مارنے والے خیمے نہیں ہوتے ، بلکہ یہ اپنے لمبے بازوؤں کی مدد سے خوراک پکڑتی ہے ، جس میں پلینکٹن اور چھوٹی مچھلیاں شامل ہیں۔ ماہرین کے مطابق اس کی ساخت اور شکار کرنے کا طریقہ اسے دیگر اقسام کی جیلی فِش سے منفرد بناتا ہے ۔