صرف 11 منٹ کی اضافی نیند ہارٹ اٹیک سے بچا سکتی
لندن(نیٹ نیوز)حال ہی میں یورپی جرنل آف پریوینٹو کارڈیالوجی میں شائع ہونے والی ایک تحقیق نے ثابت کیا ہے کہ طرزِ زندگی میں انتہائی معمولی تبدیلیاں بھی انسانی دل کیلئے معجزاتی ثابت ہوتی ہیں۔
ماہرین کے مطابق اگر کوئی شخص صرف 10 سے 15 منٹ زیادہ نیند لے ، چند منٹ اضافی چہل قدمی کرے اور خوراک میں تھوڑی سی سبزیوں کا اضافہ کرے تو دل کے دورے اور فالج جیسے خطرناک امراض کے امکانات نمایاں حد تک کم ہو سکتے ہیں۔یہ تحقیق 53 ہزار سے زائد افراد پر کی گئی، جس میں آٹھ سال تک ان کی روزمرہ عادات کا جائزہ لیا گیا۔نتائج سے پتا چلا کہ چھوٹی مگر مسلسل تبدیلیاں اپنانے سے دل کی بیماریوں کا خطرہ تقریبا 10 فیصد تک کم ہو سکتا ہے ۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر لوگ روزانہ 8 سے 9 گھنٹے کی مکمل نیند، باقاعدہ ورزش اور متوازن غذا کو معمول بنا لیں، تو یہ خطرہ 50 فیصد سے بھی زیادہ کم ہو سکتا ہے ۔