اللہ نہ کرے پاکستان جی ایس پی پلس سے باہر ہو،ایسا ہوا تو حکومت کی ناکامی:سہیل آفریدی
قاسم کی ویڈیو کو منفی انداز میں پیش کیا جارہا :وزیراعلیٰ، حکومت تقریر کا کلپ سامنے لائے ،معاون خصوصی اطلاعات ضم اضلاع ، NFCکی مد میں 1375 ارب واجب الادا ،وفاق زیادتی کر رہا، مزید برداشت نہیں کرینگے ،عمائدین سے گفتگو
پشاور(نیوز ایجنسیاں )وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ اللہ نہ کرے پاکستان جی ایس پی پلس سے باہر ہو، اگر ایسا ہوا تو اس کی ذمہ دار حکومت کی ناکام پالیسی ہو گی ، قاسم خان نے تین دن پہلے تقریر کی جبکہ پاکستان میں جمہوریت 1947 سے تباہ ہے ، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چند روز قبل عمران خان کے بیٹے قاسم کی ایک ویڈیو پر تنازع کھڑا کیا گیا ، ویڈیو کا ہم نے اردو میں ترجمہ کیا کیونکہ وفاقی حکومت کی انگریزی کمزور ہے ۔وہ ویڈیو غیر سیاسی گفتگو پر مبنی تھی جس میں ایک بیٹے کا اپنے والد کے لئے بیان تھا۔حکومت اس ویڈیو کو منفی انداز میں پیش کر کے پراپیگنڈہ کر رہی ہے ،تحریک انصاف پورے پاکستان کی مضبوط اور بڑی سیاسی جماعت ہے ، جعلی حکومت اپنی ناکامی اور خراب پالیسی چھپانے کیلئے تحریک انصاف پر الزام لگا رہی ہے ،ہمیں عمران خان کی اہلیہ کی صحت کے حوالے سے بھی خدشات ہیں ، دریں اثنا ضلع خیبر کے قومی مشران اور قبائلی عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی نے ٰکہا کہ وفاق ہمارے ساتھ مسلسل زیادتی کر رہا ، اب مزید برداشت نہیں کریں گے۔
عمائدین سے ملاقات کے دوران عوامی مسائل، امن و امان اور ترقیاتی حکمت عملی پر تفصیلی گفتگو کی گئی ،قومی مشران ، قبائلی عمائدین نے علاقے کی پائیدار ترقی اور خوشحالی کے لئے تجاویز پیش کیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ضم اضلاع کیلئے این ایف سی کی مد میں 1375 ارب روپے واجب الادا ہیں، انضمام کے وقت وفاقی حکومت نے ضم اضلاع کے لئے 100 ارب سالانہ کا وعدہ کیا تھا، وفاق کی جانب سے ضم اضلاع کیلئے سات سال میں صرف 168 ارب ملے ، 532 ارب بقایا ہیں ہم ضم اضلاع کیلئے ایک ہزار ارب روپے کا جامع ترقیاتی پیکیج لا رہے ہیں، اس میں ہر شعبے اور ہر ضم ضلع کیلئے ترقیاتی منصوبے شامل ہیں، کوئی بھی ضلع یا علاقہ ترقی سے محروم نہیں رہے گا ، مزید برآں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی اطلاعات شفیع جان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بانی پی ٹی آئی کے بیٹے قاسم خان کی تقریر کا ویڈیو کلپ لے آئے جس میں جی ایس پی پلس کا درجہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ،شفیع جان نے کہا کہ پٹرول بم کے بعد اب یہ سمارٹ لاک ڈاؤن کی طرف جا رہے ہیں ،ہم کسانوں کے لئے ڈیزل پر 55 روپے فی لٹر خود برداشت کریں گے ، پنجاب حکومت اور خیبر پختونخوا حکومت کی کارکردگی کا موازنہ کرلیں۔