پٹرولیم ذخائر تسلی بخش،ترقیاتی بجٹ کوکٹ لگا کر قیمتوں میں اضافہ روکا:شہباز شریف
عوام کو عالمی کشیدگی کے اثرات سے محفوظ رکھنے کے لئے بچتوں سے رقم کی کٹوتی کی،جس قدر ممکن ہوسکا عوام کو ریلیف دیا ریلیف سے مستفید ہونے کیلئے صوبائی حکومتیں موٹر سائیکل،رکشہ مالکان کو رجسٹریشن نام کروانے کیلئے سہولیات دیں:خطاب
اسلام آباد(نامہ نگار،مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں)وزیراعظم شہبازشریف نے کہاہے کہ ملک میں تیل کی قیمتوں کو بڑھنے سے روکنے کے لئے وفاقی حکومت نے 125 ارب رو پے کی خطیر رقم،مختلف بچتوں اور ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی کرکے دی ہے تاکہ عوام عالمی سطح پر کشیدگی کے براہ راست اثرات سے محفوظ رہیں، صوبائی حکومتیں موٹر سائیکلوں اور رکشہ مالکان کو رجسٹریشن اپنے نام کروانے کیلئے تمام سہولیات فراہم کریں،وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کااظہار خطے کی صورتحال کے پیش نظر ایندھن کی بچت اور کفایت شعاری کے لیے جاری اقدامات کے نفاذ پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ حکومتی فیصلوں کی بدولت ملکی ضروریات کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی مناسب مقدار موجود ہے ،حالیہ صورتحال میں جس قدر ممکن ہو سکا عوامی ریلیف کو اولین ترجیح دی، گزشتہ تین ہفتوں میں عوام کو ریلیف فراہم کیا، وزیراعظم نے کہاکہ صوبائی حکومتیں موٹر سائیکلوں اور رکشہ مالکان کو رجسٹریشن انکے اپنے نام کروانے کیلئے تمام سہولیات فراہم کریں۔اس اقدام سے ملک بھر کے موٹر سائیکلوں اور رکشوں کا ڈیٹا ڈیجیٹلا ئز ہو جائے گا اور انکے مالکان کو مستقبل میں حکومت کی طرف سے دئیے جانے والے ریلیف سے مستفید ہونے کا موقع ملے گا۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکر ٹریوں کے ساتھ رابطے تیز کرنے کی ہدایت کی ،اجلاس کو کفایت شعاری اور بچت کے اقدامات پر عملدرآمد کی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی طلب و رسد اور پورے سپلائی چین کی با قاعدگی سے نگرانی کی جارہی ہے اور اس سلسلے میں ایک ڈیجیٹل ڈیش بورڈ بھی تیار کیا گیا ہے ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اپریل کیلئے پٹرول کی درآمد کا انتظام ہو چکا ہے ،بریفنگ میں بتایاگیاکہ دیگر ممالک کے بر عکس پاکستان میں ایندھن کی فراہمی کے حوالے سے نہ تو لمبی قطاریں ہیں اور نہ ہی بد انتظامی ہے جو حکومت کے بہترین انتظام کا ثبوت ہے ،اجلاس کو موٹر سائیکل سواروں اور رکشہ چلانے والوں کیلئے مجوزہ فیول سپورٹ پروگرام کیلئے تیار شدہ ایپ پر بھی بریفنگ دی گئی،ویڈیو لنک اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزرا احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، علی پرویز ملک، عطاء اللہ تارڑ ، ڈاکٹر مصدق ملک ، احسن اقبال ، شزا فاطمہ خواجہ، اویس خان لغاری، معاون خصوصی طارق باجوہ، گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسروں نے شرکت کی۔