روزانہ 10ہزارقدم چلنے سے ہارٹ اٹیک کاخطرہ 21فیصدکم
سڈنی (نیٹ نیوز)آسٹریلیا کی سڈنی یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ اگر آپ گھنٹوں بیٹھ کر گزارتے ہیں تو قدموں کی تعداد کو بڑھا کر آپ متعدد امراض سے متاثر ہونے کا خطرہ کم کر سکتے ہیں۔۔
تحقیق کے مطابق اگر آپ روزانہ 10 ہزار قدم چلتے ہیں تو اس سے قبل از وقت موت کا خطرہ 39 فیصد جبکہ امراض قلب بشمول ہارٹ اٹیک کا خطرہ 21 فیصد تک کم کر دیتا ہے ۔محققین نے بتایا کہ ایسا نہیں کہ آپ گھنٹوں بیٹھے رہیں اور پھر کچھ دیر چہل قدمی کرکے مطمئن ہو جائیں مگر نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ ہر طرح کی جسمانی سرگرمیاں صحت کے لیے اہم ہوتی ہیں۔محققین کے مطابق روزانہ کم از کم 4 سے 4500 قدم چلنے سے بھی امراض قلب کا خطرہ کافی حد تک گھٹ جاتا ہے ۔اس تحقیق کے نتائج برٹش جرنل آف سپورٹس میڈیسن میں شائع ہوئے ۔