بندر نے درخت پر چڑھ کر نوٹوں کی بارش کردی
نئی دہلی(نیٹ نیوز)بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع بلند شہر میں ایک بندر نے اس وقت سب کو حیران کر دیا جب اس نے ایک شہری سے 2 لاکھ روپے سے بھرا بیگ چھینا اور درخت پر چڑھ کر نوٹوں کی بارش کر دی۔اس انوکھے واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے ۔
یہ عجیب و غریب واقعہ ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس کے باہر اس وقت پیش آیا جب ایک شخص زمین کی خرید و فروخت کے سلسلے میں اپنے وکیل کے پاس پہنچا تھا۔اس کے ہاتھ میں 500 کے نوٹوں سے بھرا بھرا بیگ تھا کہ اچانک ایک بندر جھپٹ کر بیگ لے اڑا اور قریبی درخت پر جا چڑھ گیا۔ بندر نے شاید کھانے کی کوئی چیز سمجھ کر بیگ کو کھولا لیکن اندر سے 500، 500 کے نوٹ نکل آئے ۔ تاہم بندر نے نوٹوں کی گڈیاں پھاڑیں اور انہیں ہوا میں اچھالنا شروع کر دیا۔ سڑک پر اُڑتے نوٹ دیکھ کر نیچے لوگوں کا ہجوم اکٹھا ہو گیا اور نوٹ سمیٹنے کی دوڑ لگ گئی۔