گوجرہ میں 7 سال پرانے قتل کیس میں ملزم کو عمر قید
گوجرہ (نمائندہ دنیا )ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج گوجرہ عباس رسول وڑائچ نے قتل کے مقدمے میں جرم ثابت ہونے پر ملزم اسد عباس کو عمر قید، آٹھ لاکھ روپے معاوضہ اور معاوضہ کی عدم ادائیگی کی صورت میں چھ ماہ اضافی قید کی سزا سنائی۔
استغاثہ کے مطابق سات سال قبل چک نمبر 347 ج ب کے مرید قاسم کو آہنی لاٹھیاں وغیرہ سے اسد عباس اور دیگر افراد نے قتل کر دیا تھا اور ملزمان فرار ہو گئے تھے ۔ نواں لاہور پولیس نے مقدمہ درج کیا اور اسد عباس کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا۔عدالت نے مقدمے کی سماعت کے بعد جرم ثابت ہونے پر اسد عباس کو مذکورہ سزائیں سنائیں جبکہ دیگر ملزمان کو اشتہاری قرار دے دیا۔ ملزم کو ڈسٹرکٹ جیل ٹوبہ ٹیک سنگھ بھجوا دیا گیا۔