پولیوکا خاتمہ سب کی مشترکہ قومی ذمہ داری ،گورنر
والدین بچوں کو معذوری سے محفوظ بنانے کیلئے قطرے ضرور پلائیں پولیو ورکرز قوم کے حقیقی محسن ، عوام مکمل تعاون کریں ،کامران ٹیسوری
کراچی(اے پی پی)گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے 15سے 21دسمبر تک جاری قومی پولیو مہم میں عوام سے بھرپور تعاؤن کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیو جیسے موذی مرض کا خاتمہ ہم سب کی مشترکہ قومی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے والدین اور سرپرستوں پر زور دیا کہ وہ قومی پولیو مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر ہر بچے کو پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں تاکہ آنے والی نسل کو معذوری سے محفوظ بنایا جا سکے ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ پولیو کے خلاف کامیابی صرف اسی صورت ممکن ہے جب عوام، حکومت اور متعلقہ ادارے یکجہتی کے ساتھ اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو ورکرز سخت حالات میں گھر گھر جا کر بچوں کو قطرے پلاتے ہیں، یہ قوم کے حقیقی محسن ہیں۔
عوام کا فرض ہے کہ ان سے مکمل تعاون کریں اور ان کی حوصلہ افزائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کے ان چند ممالک میں شامل ہے جہاں اب بھی پولیو کے کیسز سامنے آ رہے ہیں، جو ہمارے لیے لمحہ فکریہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ صرف ایک صحت کا مسئلہ نہیں بلکہ قومی وقار اور مستقبل کی نسلوں کے محفوظ مستقبل سے جڑا ہوا معاملہ ہے ۔گورنر سندھ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی قسم کی افواہوں پر کان نہ دھریں، پولیو کے قطرے محفوظ اور مو ثر ہیں اور بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کا واحد ذریعہ ہیں۔ آئیے عہد کریں کہ ہم سب مل کر پولیو فری پاکستان کے خواب کو حقیقت میں بدلیں گے ۔