محکمہ خوراک کی مبینہ غفلت آٹے اور گندم کی قیمتوں میں زبردست اضافہ شہری پریشان
10 کلو آٹے کا تھیلا 1300 سے بھی مہنگا ،فائن آٹے کا 15 کلوگرام تھیلا 2100 روپے تک پہنچ گیا،انتظامیہ نے مؤثر اقدامات نہ کیے تو آئندہ دنوں میں آٹے کی شدید قلت پیدا ہو سکتی ہے : ماہرین
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)محکمہ خوراک اور دیگر متعلقہ اداروں کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی کے باعث فیصل آباد میں آٹے اور گندم کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے ، ذرائع کے مطابق گندم اور آٹے کی آئندہ دنوں میں ممکنہ قلت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ذخیرہ اندوز اور ناجائز منافع خور متحرک دکھائی دے رہے ہیں، جبکہ انتظامیہ کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات محض دعوؤں تک محدود نظر آتے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ فیصل آباد سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں گزشتہ دو برس سے محکمہ خوراک اور حکومتِ پنجاب نے سرکاری سطح پر گندم کی خریداری نہیں کی، جس کے باعث سرکاری گندم کے ذخائر تقریباً ختم ہونے کے قریب پہنچ چکے ہیں۔
مارکیٹ میں قلت جیسی صورتحال پیدا کر کے آٹے اور گندم کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کیا جا رہا ہے ۔ رواں دنوں میں 10 کلو آٹے کا تھیلا 1300 روپے سے تجاوز کر چکا ہے ، جبکہ فائن آٹے کا 15 کلوگرام تھیلا 2100 روپے تک پہنچ گیا ہے ۔ اسی طرح پرائیویٹ چکیوں پر فروخت ہونے والا دیسی آٹا 120 سے 130 روپے فی کلوگرام میں فروخت ہو رہا ہے ۔ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر انتظامیہ نے بروقت اور مؤثر اقدامات نہ کیے تو آئندہ دنوں میں آٹے اور گندم کی شدید قلت پیدا ہو سکتی ہے ، شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ قیمتوں کو فوری طور پر کنٹرول کیا جائے ، ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور عام آدمی کو مشکلات سے بچایا جائے ۔