نیا سال ملکی معیشت کیلئے نہایت اہم ثابت ہوگا:قیصر شیخ
انویسٹمنٹ زون 35 کے تحت انکم ٹیکس میں چھوٹ دی جا رہی :وفاقی وزیر سیاسی مسائل کا حل صرف سیاسی مذاکرات سے ہی ممکن ہے :پریس کانفرنس
چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان معاشی استحکام، سرمایہ کاری کے فروغ اور سیاسی ہم آہنگی کی جانب عملی طور پر آگے بڑھ رہا ہے ،آنے والا سال پاکستان کیلئے معاشی اور سرمایہ کاری کے حوالے سے نہایت اہم ثابت ہوگا،پاکستان سٹاک ایکسچینج کا انڈیکس 40 ہزار سے بڑھ کر 1 لاکھ 77 ہزار تک پہنچ چکا ہے جو عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد کا واضح ثبوت ہے ، جبکہ عالمی اداروں کی جانب سے کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری اور مثبت رپورٹس سرمایہ کاری کے ماحول کو مضبوط بنا رہی ہیں۔چنیوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ نے مزید کہا ہے کہ حکومت نے سپیشل انویسٹمنٹ زون 35 متعارف کروایا ہے ، جس کے تحت انکم ٹیکس میں چھوٹ اور ڈیوٹی فری سہولیات دی جا رہی ہیں۔
جبکہ اسلام آباد میں ون ونڈو فیسیلیٹیشن سینٹر بھی قائم کیا گیا ہے تاکہ سرمایہ کاروں کو ایک ہی جگہ تمام سہولیات میسر ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی استحکام وقت کی اہم ضرورت ہے اور سیاسی مسائل کا حل صرف سیاسی مذاکرات سے ہی ممکن ہے ،وزیراعظم کی جانب سے پی ٹی آئی کو مذاکرات کی پیشکش خوش آئند ہے ۔ قیصر احمد شیخ نے ایف بی آر اصلاحات، سرکاری اداروں کے نقصانات سمیت دیگر چیلنجز بارے کہا کہ حکومت ان مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے ،پاکستان دیوالیہ ہونے کے خطرے سے نکل چکا، حکومت اور نجی شعبہ مل کر ملک کو ترقی، استحکام اور خوشحالی کی راہ پر ڈالنے کیلئے پرعزم ہیں۔