37 ارب سے عوامی بہبود کی 248 ترقیاتی سکیموں پر کام جاری
کمشنر فیصل آباد نے ترقیاتی منصوبوں پر ڈبل شفٹ میں کام شروع کرنے تاکید کی
فیصل آباد (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ترقیاتی پروگرام کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے عزم کے تحت کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی زیر صدارت ڈویژن میں ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کی پیشرفت کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ سرواں مالی سال کے دوران 37 ارب روپے کی لاگت سے عوامی بہبود کی 248 ترقیاتی سکیموں پر کام جاری ہے ، جبکہ اب تک 8 ارب روپے خرچ کیے جا چکے ہیں۔کمشنر فیصل آباد نے ترقیاتی منصوبوں پر ڈبل شفٹ میں کام شروع کرنے کی تاکید کرتے ہوئے بعض منصوبوں میں سست روی پر برہمی کا اظہار کیا اور متعلقہ محکموں کو کڑی وارننگ جاری کی۔
انہوں نے واسا کو ملت روڈ اور ستیانہ روڈ پر جاری منصوبے 15 جنوری تک مکمل کرنے کی ہدایت کی جبکہ محکمہ ہائی ویز کو کام میں مزید تیزی لانے کی تاکید کی۔کمشنر نے لوکل گورنمنٹ، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، بلڈنگز، زراعت، سپورٹس اور دیگر محکموں کی ترقیاتی سکیموں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا اور واضح کیا کہ کوئی بھی منصوبہ تعطل کا شکار نہیں ہونا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ دستیاب فنڈز کو شفاف انداز میں بروئے کار لایا جائے اور ترقیاتی کاموں میں کوالٹی پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے ۔