چنیوٹ:ڈی پی او کی جامعہ مسجد صاحب الزماں میں کھلی کچہری
عوام کی جان و مال کی حفاظت اور امن و امان کا قیام اولین ترجیح : ڈاکٹر نوید عاطف
چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق کمیونٹی پولیسنگ کو فروغ دینے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چنیوٹ ڈاکٹر نوید عاطف نے جمعہ المبارک کے موقع پر جامعہ مسجد صاحب الزماں، جھنگ روڈ چنیوٹ میں کھلی کچہری لگائی۔کچہری میں ایس ایچ او تھانہ سٹی، انچارج کمپلینٹ سیل، دیگر پولیس افسران اور نمازیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ ڈی پی او نے شہریوں کے مسائل سنے اور ان کے حل کی یقین دہانی کروائی۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ دادرسی یقینی بنائی جائے اور کمپلینٹ سیل سے فالو اپ رپورٹ پیش کرنے کو کہا گیا۔اس موقع پر ڈی پی او نے شہریوں کو نئے ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی دی اور ان پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایات دیں۔ ڈی پی او نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسجد میں کھلی کچہری لگانا سنت نبوی ﷺ ہے تاکہ شہری اپنے مسائل براہِ راست بیان کر سکیں اور کمیونٹی پولیسنگ کو فروغ ملے ۔ ڈی پی او نے مزید کہا کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت اور امن و امان کا قیام اولین ترجیح ہے ۔