کمشنر نے گراؤنڈ واٹر ریچارج ویل کی سائٹس کا دورہ کیا
واسا کی جانب سے چار نئے سٹوریج ٹینکس بھی تعمیر کرائے جائیں گے :ثاقب رضا
فیصل آباد (نیوز رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت ڈویژنل انتظامیہ کی زیر نگرانی واسا فیصل آباد شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے سرگرم عمل ہے ۔ اس سلسلے میں شہر کے مختلف علاقوں میں 10 مقامات پر گراؤنڈ واٹر ریچارج ویل قائم کرنے کیلئے تیز رفتار اقدامات جاری ہیں، جن میں سے دو ریچارج ویل پر کام آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے جبکہ باقی منصوبوں پر پلاننگ جاری ہے ۔کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے ہاکی سٹیڈیم سوساں روڈ اور ملک پور میں گراؤنڈ واٹر ریچارج ویل کی سائٹس کا دورہ کیا۔
اس موقع پر ایم ڈی واسا ثاقب رضا نے منصوبوں کی اہمیت اور افادیت سے آگاہ کیا۔کمشنر فیصل آباد نے واسا کے جاری اقدامات کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ گراؤنڈ واٹر ریچارج ویل کی تعمیر آئندہ مون سون سیزن سے قبل ہر صورت مکمل کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے بارشی پانی کی تیز رفتار نکاسی ممکن ہو گی جبکہ زیر زمین پانی کی سطح میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا۔ایم ڈی واسا ثاقب رضا نے مزید بتایا کہ واسا کی جانب سے چار نئے سٹوریج ٹینکس بھی تعمیر کرائے جائیں گے ۔