ٹوبہ ٹیک سنگھ:2دیہات کو ماڈل ویلج بنانے کی منظوری دیدی گئی
چک 335 گ ب اور 521 گ ب پرپر 20 کروڑ روپے کی رقم خرچ کی جائیگی
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) حکومتِ پنجاب نے ٹوبہ ٹیک سنگھ کے دو دیہات، چک نمبر 335 گ ب اور چک نمبر 521 گ ب کو ماڈل ویلج (مثالی گاؤں) بنانے کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے ۔اس منصوبے کے تحت پنجاب رورل میونسپل سروسز کمپنی (PRMSC) کے زیر اہتمام دیہات میں جدید شہری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ذرائع کے مطابق ماڈل ویلج منصوبے پر مجموعی طور پر 20 کروڑ روپے کی خطیر رقم خرچ کی جائے گی۔منصوبے کے تحت صاف پانی کی فراہمی، جدید سیوریج و ڈرینیج سسٹم، پختہ گلیوں کی تعمیر، سٹریٹ لائٹس، صفائی ستھرائی کے بہتر انتظامات اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ دیہی آبادی کا معیارِ زندگی بہتر بنایا جا سکے ۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف دیہات کی مجموعی حالت میں نمایاں بہتری آئے گی بلکہ شہری سہولیات کی فراہمی سے عوام کو درپیش دیرینہ مسائل بھی حل ہوں گے ۔ علاقہ مکینوں نے حکومت پنجاب کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل کر کے عملی فوائد فراہم کریگا۔