جھنگ :منشیات فروش کیخلاف کارروائی، ایک ہلاک، دوسرا فرار
گوجرہ روڈ پر سی سی ڈی پولیس نے موٹرسائیکل سوار وں کو روکا جنہوں نے فائرنگ کیملزم کی شناخت اویس شوکت کے نام سے ہوئی ،چرس، موٹر سائیکل اور پستول برآمد
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)جھنگ شہر بھر میں پولیس نے منشیات فروشوں پر قابو پانے کے لیے سکیورٹی سخت کر دی ہے اور مختلف علاقوں میں ناکے اور تلاشی کے اقدامات جاری ہیں۔ذرائع کے مطابق جھنگ کے گوجرہ روڈ پر سی سی ڈی پولیس نے تقریباً 6 میل کے فاصلے پر دو موٹرسائیکل سوار مشکوک افراد کو روکنے کی کوشش کی تو ملزموں نے پولیس پر فائرنگ کر دی۔ پولیس نے حفاظتی جوابی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک ملزم مردہ حالت میں پایا گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت اویس شوکت کے نام سے ہوئی ہے اور وہ لاہور کا رہائشی بتایا گیا ہے ۔ پولیس کے مطابق ملزم منشیات فروشی کے مقدمات میں پہلے سے ریکارڈ یافتہ تھا اور اس کے قبضے سے آدھا کلو چرس، موٹر سائیکل اور پستول بھی برآمد کیا گیا ہے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے ملزم کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا اور منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔