انتظامیہ مقررہ نرخوں پر سبزیاں فروخت کرانے میں ناکام
لہسن چائنہ 500، پیاز 80، ادرک چائنہ 350روپے کلو فروخت
لاہور (کامرس رپورٹرسے )ٹماٹر کا سرکاری نرخ 65 روپے فی کلو مقرر کر رکھا ہے ،لیکن مارکیٹ میں ٹماٹر 80 روپے کلو تک فروخت ہو رہا ہے ۔پیاز کے سرکاری نرخ میں دو روپے اضافے کے بعد قیمت 60 روپے فی کلو مقرر کی گئی،جبکہ مارکیٹ میں درجہ اول پیاز 80 روپے کلو تک دستیاب ہے ۔نئے آلو کا سرکاری نرخ 25 روپے فی کلو مقرر ہے ،مگر بازار میں آلو 40 روپے کلو فروخت ہو رہا ہے ۔چائنہ لہسن کا سرکاری نرخ 455 روپے فی کلو مقرر ہے ،جبکہ مارکیٹ میں یہی لہسن 500 روپے کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔
اسی طرح چائنہ ادرک کا سرکاری نرخ 290 روپے فی کلو ہے ،مگر مارکیٹ میں ادرک 350 روپے کلو تک پہنچ چکی ہے ۔سبز مرچ 140 روپے ،بھنڈی 200 روپے اور شملہ مرچ 120 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے ۔ساگ، پالک، شلجم، گاجر اور مولی 40 سے 50 روپے فی کلو میں دستیاب ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ تنخواہیں وہی ہیں لیکن مہنگائی روز بڑھ رہی ہے ، سبزی لینا بھی مشکل ہو گیا ہے ، سرکاری ریٹ لسٹ صرف کاغذوں میں ہے ، بازار میں کوئی عمل نہیں ہوتا،انتظامیہ کو چاہیے کہ روزانہ چیکنگ کرے ، دکاندار اپنی مرضی کے ریٹ لگاتے ہیں،، عام آدمی کے لیے کچن چلانا مشکل ہو گیا ہے۔