جڑانوالہ:سیم پل کی تعمیر تماشا بن گئی، ایک سال بعد بھی نامکمل
ٹریفک حادثات معمول بن چکے ،سڑک پر بکھرا ملبہ ٹریفک کے بہاؤ میں بڑی رکاوٹ
جڑانوالہ (نمائندہ دنیا)جڑانوالہ سے فیصل آباد کو ملانے والی مصروف ترین شاہراہ پر واقع 122 گ ب سیم پل کی تعمیر ایک سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود تاحال مکمل نہ ہو سکی، جس کے باعث شہریوں اور مسافروں کو شدید مشکلات اور خطرات کا سامنا ہے ۔ کام کی بار بار بندش اور سست روی نے جڑانوالہ فیصل آباد روڈ کو حادثات کا گڑھ بنا دیا ہے ، جہاں آئے روز ٹریفک حادثات معمول بن چکے ہیں۔منصوبے پر تعمیراتی کام کی رفتار انتہائی سست ہے جبکہ کام کا بار بار شروع اور پھر بند ہونا متعلقہ محکموں اور ٹھیکیدار کی کارکردگی پر سنگین سوالات اٹھا رہا ہے ۔ ادھوری تعمیرات اور حفاظتی انتظامات کے فقدان کے باعث اس اہم شاہراہ پر متعدد حادثات پیش آ چکے ہیں، جن میں کئی شہری زخمی ہوئے ۔اہلِ علاقہ اور مسافروں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ایک سال سے جاری سست روی کے باعث سفر انتہائی پرخطر ہو چکا ہے ۔