ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی غفلت، سدھار میں کوڑے کے ڈھیر
شدید بدبو پھیل رہی ،شہریوں کو شدید اذیت کا سامنا ،بیماریاں پھیلنے کا خدشہ
پینسرہ (نمائندہ دنیا)فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی سنگین غفلت کے باعث یونین کونسل 168، چک نمبر 67 ج ب سدھار کے مختلف علاقوں میں صفائی کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے ۔ کئی کئی روز تک عملے کی عدم موجودگی کے باعث بازاروں اور دکانوں کے سامنے کوڑے کے ڈھیر جمع ہو چکے ہیں، جس سے شدید بدبو پھیل رہی ہے اور شہریوں کو شدید اذیت کا سامنا ہے ۔قبرستان روڈ اور اس کے گردونواح میں واقع نالے کی صفائی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے عملے نے ادھوری چھوڑ دی، جس کے نتیجے میں نالے میں جمع گندگی سڑک پر پھیلنے لگی ہے۔
نالے سے اٹھنے والی تعفن زدہ بدبو نے علاقہ مکینوں کا جینا دوبھر کر دیا ہے ، جبکہ مچھروں کی افزائش اور مختلف بیماریوں کے پھیلنے کا بھی شدید خدشہ پیدا ہو گیا ہے ۔علاقہ مکینوں اور دکانداروں کا کہنا ہے کہ متعدد بار شکایات درج کروانے کے باوجود صفائی کا عملہ موقع پر نہیں پہنچتا اور اگر آ بھی جائے تو چند گھنٹوں بعد کام ادھورا چھوڑ کر چلا جاتا ہے ۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور سدھار میں صفائی کے نظام کو بہتر بنا کر عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے ۔