ڈیرہ غازی خان میں چیف منسٹرماڈل ریڑھی بازار کا افتتاح

ڈیرہ غازی خان میں چیف منسٹرماڈل ریڑھی بازار کا افتتاح

ٹریفک چوک تا عید گاہ روڈ 22ریڑھیوں پر مشتمل جدید بازار قائم کیا گیا

ڈیرہ غازیخان(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈیرہ غازی خان میں چیف منسٹر ماڈل ریڑھی بازار قائم۔ کمشنر ڈیرہ غازیخان ڈویژن اشفاق احمد چوہدری نے ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد کے ہمراہ ضلع کے پہلے ماڈل ریڑھی بازار کا باقاعدہ افتتاح کیا،ٹریفک چوک سے عید گاہ روڈ پر 22 ریڑھیوں پر مشتمل اس ماڈل ریڑھی بازار کو جدید اور منظم انداز میں قائم کیا گیا ہے جو ضلع میں اپنی نوعیت کا منفرد اور جاذبِ نظر منصوبہ ہے ۔ افتتاحی تقریب میں چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن محمد نعیم سبطین، اسسٹنٹ کمشنر صدر تیمور عثمان سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے ماڈل ریڑھی بازار کا تفصیلی معائنہ کیا۔

ریڑھی بانوں اور خریداری میں مصروف شہریوں سے ملاقات کی اور بازار کی افادیت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے دستیاب پھلوں، سبزیوں اور دیگر اشیائے ضروریہ کے معیار اور قیمتوں کا عام مارکیٹوں سے موازنہ بھی کیا۔ انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایات پر قائم کیے گئے اس ماڈل ریڑھی بازار میں شہریوں کو معیاری پھل اور سبزیاں عام مارکیٹ سے کم نرخوں پر فراہم کی جا رہی ہیں جس سے مہنگائی کے دباؤ میں کمی اور عوام کو حقیقی ریلیف ملے گا۔شہریوں اور ریڑھی بانوں نے ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں