میاں چنوں:میت کی فری منتقلی سروس کا باقاعدہ آغاز
سروس حاصل کرنے کیلئے ایک فون کال کی ضرورت ہوگی:حافظ ضیاء الحق
میاں چنوں (تحصیل رپورٹر) تحصیل میاں چنوں میں فلاحی خدمات کے سلسلے میں ایک قابلِ تحسین اقدام سامنے آیا ہے ۔ ڈاکٹر حافظ ضیاء الحق کی جانب سے تحصیل بھر کے لئے فری میت منتقلی سروس کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے ۔ڈاکٹر حافظ ضیاء الحق نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ فلاحی سروس خاص طور پر ان غریب اور مستحق خاندانوں کی مدد کے لئے شروع کی گئی ہے جن کے پیارے ہسپتالوں میں انتقال کر جاتے ہیں اور وہ ایمبولینس کے کرائے کی ادائیگی کی استطاعت نہیں رکھتے ۔ اس سروس کے تحت مستحق افراد کو بلا معاوضہ ایمبولینس سہولت فراہم کی جائے گی تاکہ میت کو باعزت طریقے سے گھر منتقل کیا جا سکے۔سروس حاصل کرنے کے لئے صرف ایک فون کال کی ضرورت ہوگی۔
ان کہنا تھا کہ مزید برآں، فلاحی سرگرمیوں کو مؤثر اور منظم انداز میں چلانے کے لئے یونیک آف گروپ انڈسٹری کا ایک مستقل آفس بھی تعمیر کیا جا رہا ہے ، جو جی ٹی روڈ، نزد سبزی منڈی، ماسٹر ٹائر کے اوپر والے فلور پر قائم ہوگا، ڈاکٹر ضیاء الحق نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں کسی بھی خاندان کو اکیلا نہ چھوڑا جائے اور بلا تفریق انسانیت کی خدمت کی جائے ۔ جلد ہی میاں چنوں میں وسیع اراضی پر جنازگاہ بھی تعمیر کی جائے گی،شہریوں نے اس فلاحی اقدام کو سراہتے ہوئے اسے میاں چنوں کے لیے ایک مثبت اور قابلِ فخر مثال قرار دیا ہے ۔