کمالیہ:تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں جامع صفائی مہم جاری
کمالیہ (نمائندہ خصوصی)اسسٹنٹ کمشنر اقرا ناصر کی خصوصی ہدایت پر ایم ایس ٹی ایچ کیوہسپتال کمالیہ میں ڈاکٹر عدیل عارف کی زیرِ نگرانی تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں جامع صفائی مہم جاری ہے ۔
مہم کے دوران ہسپتال کے مختلف وارڈز، او پی ڈیز، راہداریوں اور اطرافی حصوں میں جدید جراثیم کش سپرے کے ساتھ مکمل صفائی ستھرائی کی جا رہی ہے ۔ انتظامیہ کے مطابق اس مہم کا بنیادی مقصد مریضوں اور ان کے تیمارداروں کو صاف، محفوظ اور صحت مند ماحول فراہم کرنا ہے تاکہ بیماریوں کے پھیلاؤ کو مؤثر انداز میں روکا جا سکے ۔اس موقع پر ہسپتال اسٹاف کو روزانہ کی بنیاد پر صفائی کے معیار کو یقینی بنانے اور حفظانِ صحت کے اصولوں پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔شہریوں نے ہسپتال انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ایسے اقدامات سے علاج معالجے کے بہتر مواقع میسر آئیں گے اور عوامی صحت میں مزید بہتری آئے گی۔