کمپریسر استعمال کرنیوالے گیس صارفین کے کنکشن ایک ماہ کیلئے منقطع، بھاری جرمانہ ہوگا
جنوری کے پہلے 2ہفتے کے دوران 150 صارفین پکڑ ے گئے ، دوبارہ خلاف ورزی پر 3ماہ سہو لت سے محروم رہیں گے ،غیر قانونی اقدام سے دوسرے صارفین کو گیس نہیں ملتی :حکام
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)سوئی ناردرن گیس کمپنی کا کمپریسر استعمال کرنے والوں کیخلاف کارروائی کا سلسلہ جاری، جنوری کے پہلے دو ہفتوں کے دوران150 افراد کے کنکشن کمپریسر استعمال کرنے پر منقطع کئے گئے ہیں،دوبارہ کنکشن ایک ماہ کے بعد لگائے جائیں گے۔ گوجرانوالہ میں سوئی ناردرن گیس کمپنی کے 5لاکھ گھریلو صارفین ہیں جن کیلئے گیس کی ڈیمانڈ 120ملین مکعب فٹ ہے، گیس کا پریشر بڑھانے کیلئے ریجن بھر میں کمپریسر کا غیر قانونی استعمال کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے دیگر گھریلو صارفین کو گیس کے کم پریشر کی شکایات ہیں جس پر سوئی ناردرن گیس کمپنی کی جانب سے سے ریجن بھر میں کمپر یسر استعمال کرنے والوں کے خلاف آپریشن جا ری ہے ۔ سوئی گیس حکام کا کہنا ہے کہ کمپر یسر کا استعمال جرم ہے اس سے دوسرے صارفین کو گیس نہیں ملتی، کمپر یسر کے استعمال پر منقطع کئے جانے والے کنکشن 30 دن کے بعد بھاری جرمانے کے ساتھ لگائے جائیں گے ، دوبارہ خلاف ورزی پر کنکشن 3 ماہ بعد لگایا جائے گا،شہری کسی قسم کی قانونی کارروائی سے بچنے کیلئے کمپریسر کا استعمال نہ کریں۔