حافظ آباد : مساجد کے آئمہ کرام کیلئے اعزازیہ کارڈ پروگرام شروع
علما کرام کی دینی،مذہبی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا:ڈپٹی کمشنر کا خطاب
حافظ آباد (نامہ نگار ، نمائندہ دنیا )وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی جانب سے حافظ آباد میں مساجد کے آئمہ کرام کو اعزازیہ کارڈ پروگرام شروع کر دیا گیا۔ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق نے مقامی ہال میں منعقدہ تقریب میں مساجد کے آئمہ کرام کو حکومت پنجاب کی جانب سے 25ہزار روپے کا اعزازیہ کارڈز تقسیم کیے۔ اسسٹنٹ کمشنر نرجس خاتون جعفری،ڈی ایس پی ثنا ء اﷲ سمیت مقامی علما کرام،مساجد کے آئمہ کرام تقریب میں شریک تھے۔
ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق کا کہنا تھا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار کسی حکومت کی جانب سے مساجد کے آئمہ کرام کو انکی دینی،مذہبی خدمات پر وظیفہ /اعزازیہ دیا جا رہا ہے ۔ملک میں امن و امان کے قیام،مذہبی ہم آہنگی،رواداری،صبر وتحمل کے فروغ اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں علمائے کرام نے ہمیشہ کلیدی قردارادا کیا۔ علمائے کرام نے ملک کی ترقی، خوشحالی، استحکا م اور سربلندی کے لیے حکومتی اداروں کے ساتھ ہمیشہ تعاون کیا ہے انکی دینی،مذہبی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی سر براہی میں حکومت پنجاب عوام کی فلاح و بہبود سمیت ہر شعبہ زندگی سے وابستہ افراد کے لیے انقلابی اقدامات کر رہی ہیں، اعزازیہ کارڈ حاصل کرنے والے آئمہ اکرام نے حکومت پنجاب کے اس پروگرام کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پہلی بار کسی حکومت نے علمائے کرام اور آئمہ اکرام کو اتنی عزت سے نوازا ہے ۔