ٹھیکریوالا:خاتون سمیت دو منشیات فروش گرفتار،ہیروئن، چرس برآ مد
ٹھیکریوالا (نمائندہ دنیا )فیصل آباد میں پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران خاتون سمیت دو افراد کو گرفتار کر کے بڑی مقدار میں منشیات برآمد کر لی۔
تھانہ سی پی او فیصل آباد، ڈی آئی جی صاحبزادہ بلال عمر اور ایس پی اقبال ڈویژن سعید احمد کی سربراہی میں پولیس کارروائیاں جاری ہیں۔ ایس ایچ او تھانہ ائیرپورٹ ثاقب ریاض مہیس کی نگرانی میں سب انسپکٹر مزمل عباس نے خفیہ اطلاع پر جھنگ روڈ چوہلہ پل کے قریب کاروائی کرتے ہوئے بدنام زمانہ منشیات فروش اعجاز خان سکنہ 220 ر ب کے قبضے سے 2200 گرام چرس برآمد کی۔اسی طرح، ایس ایچ او ساندل بار وقاص ہندل کی سربراہی میں سب انسپکٹر شہزاد جاوید نے 60 ج ب شہباز پور قبرستان کے قریب کاروائی کے دوران خاتون منشیات فروش آسیہ بی بی کو گرفتار کیا۔ اس کے قبضے سے 1550 گرام ہیروئن اور 1350 روپے نقد برآمد ہوئے ۔پولیس نے دونوں منشیات فروشوں کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے ۔